گریم اسمتھ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر مسرور

0
79

لاہور:

گریم اسمتھ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر مسرورہیں۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے ڈائریکٹر گریم اسمتھ 2007میں پاکستان کا دورہ کرنے والی آخری جنوبی افریقی ٹیم کا حصہ تھے،پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں انھوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے بہت لگاؤ رکھتی ہے، یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ اب کئی ملکوں کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کررہی ہیں،اب جنوبی افریقہ کا شمار بھی انہی ممالک میں ہوجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ میں ایک سے زیادہ بار پاکستان کا دورہ کرچکا اور بخوبی جانتا ہوں کہ شائقین کرکٹ سے کتنی جذباتی وابستگی رکھتے ہیں۔ وہاں پروٹیز کے پرستاروں کی بڑی تعداد حوصلہ افزائی کرتی نظر آئی، اسی لیے بطور مہمان ٹیم جنوبی افریقہ کا تجربہ شاندار رہا، امید ہے کہ اس بار بھی بہترین ماحول میں کرکٹ ہوگی۔

گریم اسمتھ نے کہا کہ چند ہفتے قبل پاکستان کا دورہ کرنے والے کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے سیکیورٹی وفد کی مہمان نوازی پر پی سی بی کا شکرگزار ہوں، مہمان آفیشلز کی سفارشات اور تجاویز کی روشنی میں ہمیں دورے سے متعلق فیصلہ کرنے میں آسانی ہوئی، اب ایک یادگار ٹور کے آغاز کا منتظر ہوں۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سمیت مختلف معاملات میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے،اکتوبر 2017میں لاہور میں 3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلیے آنے والی ورلڈ الیون میں کپتان فاف ڈوپلیسی سمیت 5پروٹیز کرکٹر شامل تھے،اس مختصر دورے نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا سفر تیز کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

فاف ڈوپلیسی نے گذشتہ دنوں ’’کرکٹ پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بھی اپنے دورئہ پاکستان کی حسین یادوں کو تازہ کیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here