ممبئی:
معروف بھارتی کوریو گرافر و ہدایت کار ریمو ڈیسوزا کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال میں داخل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کی سپرہٹ فلموں میں بطور کوریو گرافر ریمو ڈی سوزا کی آج دوپہر کے وقت اچانک طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلا بین امبانی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کی جانب سے دل کا دورہ کی تصدیق کے بعد اُن کی فوری طور پر انجیو پلاسٹی کر دی گئی۔
کوریوگرافر کی اہلیہ لزیلا نے شوہر کی صحت کے حوالے سے کہا کہ انہیں دل کا دورہ پڑا تھا لیکن بروقت آپریشن کیے جانے کی وجہ سے اب وہ پہلے سے بہتر ہیں اور ابھی انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل ہیں۔
ریموڈیسوزا کی صحت کی خبر بھارت بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی یہاں تک کہ ٹوئٹر پر بھی اُن کے نام کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا جس کے بعد نہ صرف بالی ووڈ انڈسٹری بلکہ اُن کے اپنے مداحوں کی جانب سے صحتیابی کے لئے دعائیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ ریمو ڈیسوزا بالی ووڈ میں کوریوگرافی کے ساتھ بطور ہدایت کار ’فالتو‘، ’اے بی سی ڈی‘، ’ریس تھری‘ جیسی فلموں میں کام کر چکے ہیں جب کہ ’اسٹریٹ ڈانسر تھری ڈی‘ کے نام سے آن کی ایک اور نئی فلم بہت جلد آنے والی ہے جس میں ورون دھون اور شردھا کپور مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔