نیویارک (پاکستان نیوز) بلوچستان کے فراری لیڈر ڈاکٹر جمعہ خان صوفی افغانستان اور ماسکو میں مقیم رہے اور تین سال قبل تائیب ہو کر واپس پاکستان آگئے۔ دو سال قبل انہوں نے’’ فریب ناتمام ‘‘کے نام سے ایک کتاب لکھی جس میں بلوچستان میں راء کی مداخلت ، سرداروں کو دہشت گردی پھیلانے کے لیے مسلح تربیت ، منصوبہ بندی اور رقوم کی فراہمی کی تمام تفصیلات بیان کیں۔ انہوں نے مختلف انٹرویوز میں بیان کیا کہ بلوچستان میں حقوق کی جنگ کے نام پر بھارت بلوچوں سے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔ انہوں نے بارہا ملک میں اور ملک سے باہر مفرور بلوچوں کو واپس قومی دھارے میں آنے اور بھارت کی سازشوں سے بچنے کی اپیل کی۔ انھوں نے بلوچوں بالخصوص نوجوانوں کیلئے سیاسی سماجی پلیٹ فارم ” اوورسیز بلوچ یونٹی آرگنائیزیشن ” اور ” پاکستان بلوچ یونٹی ایسوسی ایشن ” بھی بنائی ہے۔