بیجنگ:
معروف آن لائن ای کامرس کمپنی ’علی بابا‘ کے بانی جیک ما گزشتہ دو ماہ سے پُراسرار طور پر منظر سے غائب ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق علی بابا کے بانی جیک ما کاروباری آئیڈیاز سے متعلق جس شو کے ججوں کے پینل میں شامل تھے، اس سے بھی ان کے علیحدہ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جیک ما کو گزشتہ برس اکتوبر میں شنگھائی کے ایک فورم پر اظہار خیال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اپنی اس گفتگو میں انہوں نے چین کے کاروباری ضابطوں پر کڑی تنقید کی تھی جس کے باعث ان کی حکام سے تلخی بھی ہوئی اور علی بابا گروپ کے 37 ارب ڈالر کے شیئر کی عوامی فروخت بھی ملتوی کرنا پڑی۔فنانشل ٹائمز کے مطابق جیک ما افریقا بزنس ہیروز نامی جس شو کے ججز پینل میں شامل تھے ، نومبر میں انہوں نے اس سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
علی بابا کی ترجمان نے غیرملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے شو میں عدم شرکت کی وجہ مصروفیات کو قرار دیا ہے تاہم جیک ما سے متعلق کسی اور سوال پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
اُدھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جیک ما کے منظر سے غائب ہونے کے حوالے سے کئی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ان کے منظر سے غائب ہونے کو چینی حکومت پر ان کی تنقید سے جوڑا جارہا ہے تاہم اس حوالے سے کسی ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور ان کی ترجمان نے بھی اس پر خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ چین میں اس حوالے سے کوئی ہنگامہ خیزی نہیں کیوں کہ ٹوئٹر پر چین میں پابندی ہے۔