’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ سے کوئی بھی منفی چیزآن ایئرنہیں ہوگی، احسن خان

0
372

کراچی:

اداکارومیزبان احسن خان نے کہا کہ نئے پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ میں مداح مجھے مختلف انداز میں دیکھیں گے۔

احسن خان نے ایکسپریس چینل کے پروگرام ’ایکسپریسو‘ میں اپنے نئے پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سوچتا ہوں کہ ایکسپریس میڈیا کوپہلے کیوں جوائن نہیں کیا، کیونکہ یہاں کا ماحول بہترین ہے، یہاں کے آرٹسٹ اورپوری ٹیم ہی ہمارے شوکی بہترین ہے۔

پروگرام سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ شو ’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ کے 6 سے 7 حصے ہیں اور ہر حصہ منفرد ہے۔ پروگرام میں آنے والے مختلف مہمانوں سے میری بہت اچھی بات چیت ہے اورانہیں یہ بھی معلوم ہے کہ میرے نئے پروگرام سے کوئی بھی منفی چیز آن ایئر نہیں ہوگی، اسی لیے ہم نے بڑے بڑے ناموں کو مہمان بنایا اوروہ خوشی خوشی آئے۔

میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ میں مثبت رہوں، میں شو کے دوران تہذیب، زبان اوراس طرح کی تمام چیزوں کا خیال رکھتا ہوں جو اپنے آپ میں بہت اہم ہوتی ہیں۔ ڈراموں میں مختلف کرداروں سے متعلق مداح سمجھتے ہیں کہ ہم ویسے ہی ہیں جیسے ہمارے کردار ہوتے ہیں لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوتا، پروگرام ’ٹائم آؤٹ ود احسن خان‘ میں وہ مجھے مختلف انداز میں دیکھیں گے۔

پروگرام سے متعلق احسن خان نے کہا کہ ویسے تو پروگرام کے مختلف سیگمنٹس ہیں لیکن ان کا پسندیدہ ایک سیگمنٹ ہے جس میں اداکار، سیاست دان جس کا بھی نام منتخب کرکے اسے اس جیسا بولنا یا کچھ کرکے دکھانا ہوتا ہے۔ اوراس دوران بہت مزہ آتا ہے۔

اداکار نے کہا کہ اتنا کام کرنے کے بعد بھی مجھے ایسا لگتا ہے میرا ہر دن نیا دن ہوتا ہے جہاں میں بہت کچھ سیکھتا ہوں۔ میں محنت کرنے میں بھروسہ رکھتا ہوں، محنت اور کام سے محبت ہی وہ واحد چیزیں ہیں جو آپ کو ترقی دیتی ہے جو واقعی ترقی ہوتی ہے۔

احسن خان نے کہا کہ  اپنے ملک کے بڑے ناموں کے ساتھ سیٹ پربات چیت کرتے ہوئے یہ بھول جاتا تھا کہ شوٹنگ ہورہی ہے۔ پاکستان کے تمام اداکارعزت کے حقدارہیں، وہ بہت محنت کرکے مختلف مقامات تک پہنچتے ہیں۔

اداکار نے کہا کہ کورونا وبا نے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بھی تبدیل کیا، اب دور ڈیجیٹل کا ہے، ہماری مارکیٹ بہت بڑی ہے۔ دنیا میں پاکستانی ڈرامے کو بے حد سراہا جاتا ہے۔ ہم اس میں اور بھی آگے جاسکتے ہیں، ہماری حکومت کو بھی اس طرٖف بہت توجہ دینا چاہیئے۔

انٹرٹینمنٹ شوسے متعلق احسن خان نے کہا کہ ان پروگرامزسے عوام کو مزاح فراہم کیا جانا چاہیئے اور ہمارا شو مزاح سے بھرپور ہے جہاں عوام محظوظ ہوں گے اوراس کے پیچھے پوری ٹیم ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here