لاہور / کراچی:
پی سی بی کرکٹ کمیٹی دورئہ نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم آج کرے گی۔
کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم نے ڈومیسٹک کرکٹ کے حوالے سے اپنی سفارشات کو نظر انداز کیے جانے پر استعفٰی دے دیا تھا، اب اس عہدے کیلیے سلیم یوسف کا انتخاب ہوا ہے۔
پاکستان کی جانب سے 32 ٹیسٹ اور 86 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے والے 63 سالہ سابق وکٹ کیپر بیٹسمین کی زیرسربراہی کرکٹ کمیٹی کا پہلا اجلاس منگل کو لاہور میں ہوگا،دیگر ارکان میں سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم، سابق ٹیسٹ کرکٹر عمر گل، ویمن چیف سلیکٹر عروج ممتاز اور علی نقوی شامل ہیں۔
لاہور روانگی سے قبل نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے سلیم یوسف نے کہا کہ اجلاس اہمیت کا حامل ہوگا، نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں قومی ٹیم کی شکست اور کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر تفصیلی بات ہوگی، ہر پہلو کا مفصل جائزہ لیا جائے گا،ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس سے پلیئرز کے کھیل اور مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کوچز کی آرا جاننے کے بعد کمیٹی کے ارکان کی باہمی مشاورت سے سفارشات مرتب کرکے چیئرمین پی سی بی کو پیش کردی جائیں گی تاکہ مستقبل میں بہتری لانے کیلیے امکانات روشن کیے جا سکیں۔ اجلاس میں قومی کرکٹ کے حوالے سے دیگر اہم امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
یاد رہے کہ علی نقوی ڈومیسٹک کرکٹ میچ میں بطور ریفری خدمات انجام دینے کی وجہ سے اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے، وسیم اکرم ویڈیو لنک کے ذریعے کارروائی کا حصہ بنیں گے۔