کراچی:
پی سی بی نے ہوم سیریز سر پر ہونے کی وجہ سے پینک بٹن دبانے سے گریز کیا۔
مسلسل شکستوں کی وجہ سے بورڈ حکام کا مصباح الحق اور وقار یونس پر اعتماد تقریباً ختم ہو گیا ہے، گذشتہ دنوں ہی یہ اطلاعات سامنے آ گئی تھیں کہ انھیں جلد فارغ کر دیا جائے گا، البتہ ’’ایکسپریس‘‘ میں پہلے ہی یہ شائع ہو چکا تھا کہ ایسا جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے قبل ہونا ممکن نہ ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ گوکہ یہ تجویز بھی زیرغور تھی کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس کوفوراً گھر بھیج دیا جائے، مگر اعلیٰ حکام کو مشورہ دیا گیا کہ جنوبی افریقہ سے سیریز اب چند دن ہی دور ہے،اگر ابھی ایسا کیا تو اس کا ٹیم پر نفسیاتی طورپر اچھا اثر نہیں پڑے گا، اتنی جلدی نئے کوچز کا تقرر ہونا بھی ممکن نہ ہوگا لہذا انتظارکریں، اگر عبوری طور پر کسی کا تقرر کیا اور نتائج پھر منفی ہی رہے تو مزید تنقید سامنے آئے گی۔
جنوبی افریقہ سے میچز کے بعد اگلی سیریز میں ایک ماہ سے زائد وقت ہوگا اس دوران نئے کوچز کی تلاش ممکن ہوگی، ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ روز کرکٹ کمیٹی کی میٹنگ میں مصباح اور وقار پر واضح کردیا گیا کہ جنوبی افریقہ سے سیریز ان کیلیے آخری موقع ہے، اگر شکست ہوئی تو فوراً فارغ کر دیا جائے گا، ان سے کہا گیا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن ٹھیک نہ تھی، پلیئنگ الیون بھی درست منتخب نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ بطور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دورئہ نیوزی لینڈ کیلیے آخری اسکواڈ کا انتخاب کیا تھا، اب محمد وسیم کو نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے، دونوں کوچز کو کمیونی کیشن میں ان کی خامیوں سے بھی آگاہ کیا گیا کیونکہ جو بات وہ کھلاڑیوں کو سمجھاتے ہیں ان پر عمل نہیں ہو پاتا، انھیں کوچنگ کے جدید تضاضوں سے ہم آہنگ نہ ہونے پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔