کراچی:
پاکستان پرانے مہمانوں کی پھر سے میزبانی کیلیے تیار ہے،جنوبی افریقی ٹیم 14 برس بعد ہفتے کو کراچی میں لینڈ کرے گی۔
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم 14 برس بعد ہفتے کوپاکستان پہنچے گی، دبئی کے راستے جوہانسبرگ سے کراچی آنے والے مہمان اسکواڈ میں 27 کرکٹرزاور 11 رکنی معاون اسٹاف شامل ہوں گے، انھیں صدارتی سطح کی سیکیورٹی دی جائے گی،اس ضمن میں خصوصی پلان مرتب کرلیا گیا ہے۔
کراچی آمد پر کھلاڑیوں اور مینجمنٹ اسٹاف کا کوویڈ19 ٹیسٹ ہوگا،5روزہ قرنطینہ کے دوران مہمان ٹیم اپنے ہوٹل سے متصل کراچی جیمخانہ گراؤنڈ پرپریکٹس کرے گی۔ اسی دوران مہمان پارٹی کا دوسرا کورونا وائرس ٹیسٹ ہوگا، جس کا نتیجہ منفی آنے کے بعد پروٹیزنیشنل اسٹیڈیم میں باقاعدہ پریکٹس شروع کردیں گے۔
جنوبی افریقی ٹیم 16 جنوری سے 15 فروری تک شیڈول اس ٹور میں 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی اور دوسرا ٹیسٹ 4 فروری سے راولپنڈی میں شیڈول ہے۔ ٹی ٹوئنٹی میچز 11، 13 اور 14 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔