شہزادہ ہیری پر شاہی اعزازات کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند

0
90

لندن:

میگھن مارکل سے شادی کے بعد شاہی اعزازات اور ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کا اعلان کرنے والے شہزادہ ہیری کو واپسی کے لیے دی گئی ایک سال کی مہلت ختم ہونے پر ہمیشہ کے لیے شاہی اعزازات اور ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی شاہی خاندان نے اعلان کیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل اب ہمیشہ کے لیے شاہی ذمہ داریوں اور اعزازات سے سبکدوش ہوگئے ہے، شاہی جوڑا عمر بھر شاہی مراعات بھی حاصل نہیں کرسکے گا۔

شہزادہ ہیری نے اپنی پسند سے عمر سے بڑی اور طلاق یافتہ امریکی ماڈل سے 2018 میں شادی کی تھی۔ سیاہ فام میگھن مارکل کو قبول کرنے میں شاہی خاندان نے پس و پیش سے کام لیا تھا۔ شاہی جوڑے کے یہاں 2019 میں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

بچے کی پیدائش کے بعد 2020 کے آغاز میں ہی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو کر ایک عام شہری کی طرح زندگی بسر کرنے کا اعلان کیا تھا اور اعلان کے 2 ماہ بعد ہی شاہی محل سے باہر چلے گئے تھے۔

شاہی جوڑے کا پہلا پڑاؤ کینیڈا تھا اور بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوئے۔ اس دوران ملکہ برطانیہ نے جوڑے کو شاہی حیثیت برقرار رکھنے پر راضی کرنے کی کوششوں کی ناکامی پر فیصلے کی تائید کردی تھی۔

ملکہ برطانیہ نے جوڑے کو شاہی خاندان میں واپسی اور اپنے فیصلے کو تبدیل کرنے کے لیے ایک سال کی مہلت دی تھی تاہم اب وہ مہلت ختم ہوگئی جس کے بعد شہزادہ ہیری کو تمام فوجی اعزازی عہدے بھی چھوڑنا ہوں گے اور فلاحی اداروں کے اعزازی عہدوں پر بھی نہیں رہیں گے۔

واضح رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اب بھی خاندان کا حصہ رہیں گے اس لیے ان کے نام کے ساتھ ’’شہزادہ‘‘ برقرار رہے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here