کراچی:
پی ایس ایل کے گیارہویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور قلندر کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز فخر زمان اور سہیل اختر نے کیا۔ لاہور قلندرز کو پہلے ہی اوور میں دو وکٹوں سے ہاتھ دھونا پڑا۔ چوتھی گیند پر سہیل اختر عماد وسیم کے ہاتھوں صفر پر رن آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی گیند پر محمد عامر نے جو ڈینلی کو ڈک پر بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھا دی۔
پانچویں اوور میں ٹیم کے 33 رنز کے اسکور پر قلندر کی تیسری وکٹ گرگئی۔ محمد حفیظ وقاص مقصود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں ںے 9 گیندوں پر 15 رن بنائے۔
اوپنر فخر زمان اور پانچویں نمبر پر آںے والے بین ڈنک نے ٹیم کو سہارا دیا اور بالرز کی پٹائی شروع کردی۔ بین ڈنک نے دو چھکے اور چار چوکے لگائے، 35 بالز پر 47 رنز بنالیے جس کے بعد 15 ویں اوور کے اختتام پر ٹیم کا مجموعی اسکور 136 تک پہنچ گیا۔
فخر زمان اور بین ڈنک نے کراچی کنگز کے بالرز پر خوب ہاتھ صاف کیا تاہم 18 ویں اوور میں فخر زمان 83 رنز کے اسکور پر کرسچن کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔ فخر زماں نے 4 چھکے اور 8 چوکے لگا کر 54 گیندوں پر 83 رنز بنائے جب کہ قلندرز کا مجموعی اسکور 152 تھا۔
جس رفتار سے فخر اور ڈنک کھیل رہے تھے فتح یقینی طورپر لاہور قلندر کی تھی تاہم فخر زمان کے آؤٹ ہونے سے یک دم بازی پلٹ گئی اور میچ لاہور قلندر کے ہاتھ سے تقریباً نکل گیا تاہم ڈیوڈ ویزے نے فخر کی کمی پوری۔
18 ویں اوور میں فخر زمان کے بعد ڈیوڈ ویزے وکٹ پر آئے جب کہ دوسری جانب کریز پر بین ڈنک موجود تھے۔ یہ اوور محمد عامر کو دیا گیا اور اسی اوور میں بازی ایک بار پھر پلٹ گئی اور میچ پھر سے لاہور قلندر کے ہاتھ میں آگیا۔ ڈیوڈ ویزے نے عامر کی دھنائی کردی اور عامر سے ایک اوور میں 20 رنز وصول کرلیے۔
عامر کی پہلی گیند پر بینک ڈنک نے چوکا لگایا، دوسری گیند پر سنگل رن بنا، تیسری اور چوتھی گیند پر ویزے نے دو چوکے لگائے اور پانچویں گیند پر ویزے نے چھکا لگایا؛ ساتھ ہی آخری گیند پر سنگل رن بھی بنایا۔
عامر کے بعد آنے والے بالر کرسچن بھی ویزے کی جارحانہ بیٹنگ کی زد میں آگئے اور ویزے نے 19ویں اوور کرانے والے کرسچن کی پہلی اور دوسری دونوں گیندوں پر دو چھکے لگاکر میچ جیت لیا اور 187 رنز کا ہدف عبور کرتے ہوئے 189 رنز بنائے۔
ناٹ آؤٹ رہنے والے بین ڈنک نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کے ساتھ 43 گیندوں پر 57 رنز جب کہ ڈیوڈ ویزے نے 9 گیندوں پر 31 رنز بنائے جن میں تین چھکے اور تین چوکے شامل ہیں۔
بیٹنگ کراچی کنگز
کراچی کنگز کو بیٹنگ کے آغاز میں ہی بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب تیسرے اوور کی پانچویں گیند پر بابر اعظم صرف پانچ رن بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اس طرح 20 کے اسکور پر کراچی کنگز کی پہلی وکٹ گرگئی۔
اننگز کے پہلے پانچ اوورز میں کراچی کنگز کو دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ پانچویں اوور کی پانچویں گیند پر کراچی کنگز کے بلے باز جو کلارک کو ہارس رؤف نے رن آؤٹ کردیا جب کہ اگلی ہی گیند پر احمد دانیال نے کولن انگرام کو صفر پر کلین بولڈ کردیا۔ 37 کے اسکور پر کراچی کنگز کی 3 وکٹیں گرگئیں۔
دسویں اوور میں کراچی کنگز کے شرجیل خان نے چھکا لگا کر 35 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرلی۔ دس اوور مکمل ہونے پر کراچی کنگز نے 3 وکٹوں پر 86 رنز کا اسکور مکمل کرلیا۔
میچ کا گیارہواں اوور سمیت پٹیل نے کروایا جوکہ لاہور قلندرز کو بہت مہنگا پڑا۔ اس اوور میں کراچی کنگز کے بیٹسمین محمد نبی نے دو چھکے اور ایک چوکا لگایا اور شرجیل خان نے بھی ایک چوکا جڑ دیا۔ مجموعی طور گیارہویں اوور میں 21 رنز بنے اور کراچی کنگز کا اسکور 3 وکٹوں کے نقصان پر 107 ہوگیا۔
12 ویں اوور میں کراچی کنگز کے 113 رنز کے اسکور پر شرجیل خان ڈیویڈ ویزے کی گیند پر پاٹل کو کیچ دے بیٹھے۔ شرجیل نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 39 گیندوں پر 64 رنز اسکور کیے جس میں چھ چھکے اور پانچ چوکے شامل ہیں۔
15 ویں اوور کے اختتام تک کراچی کنگز نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 150 رن تک اسکور کرلیے جب کہ کریز پر محمد نبی اور ڈینیل کرسچن براجمان ہیں۔
کراچی کنگز کی پانچویں وکٹ 158 رنز پر گری جو کہ ایک اور اہم کھلاڑی محمد نبی کی تھی۔ نبی نے 34 بالز پر زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے 58 رنز اسکور کیے جس میں تین چھکے اور چار چوکے شامل ہیں۔
17 ویں اوور میں کنگز کے 162 کے اسکور پر چھٹے کھلاڑی عماد وسیم صفر پر ڈیوڈ ویسا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اسی اوور میں 176 کے اسکور پر ڈیوڈ کرسچن بھی پویلین لوٹ گئے۔ انہیں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پاٹل نے رن آؤٹ کیا۔ ڈیوڈ نے 14 گیندوں پر 27 رنز اسکور کیے جس میں پانچ چوکے بھی شامل ہیں۔
شاہین آفریدی نے مسلسل دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں۔ 184 کے اسکور پر وقاص مقصود اور 185 کے اسکور پر محمد عامر کو پویلین روانہ کردیا۔
اس طرح کراچی کنگز نے تمام 20 اوورز کھیلتے ہوئے نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 186 رنز اسکور کیے۔
بالنگ سائیڈ میں لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی نے 3 ، حارث رؤف، احمد دانیال، ڈیوڈ ویزے اور سمت پاٹل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ حفیظ کوئی کھلاڑی آؤٹ نہ کرسکے۔
پوائںٹس ٹیبل پر دونوں ٹیموں کے چار چار پوائنٹس
واضح رہے کہ پوائںٹس ٹیبل پر دونوں ٹیمیں 4،4 پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں تاہم رن ریٹ کی بنیاد پر کراچی کنگز کو برتری حاصل ہے۔ دونوں نے اب تک ایونٹ میں 3،3 میچز کھیلے ہیں اور دونوں نے 2،2 میچ جیتے ہیں اور ایک ایک میچز میں دونوں ٹیموں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کراچی کنگز اپنے پچھلے میچ میں بابراعظم کے 90 رنز کی بدولت ملتان سلطانز کو 7 وکٹ سے شکست دینے میں کامیاب رہا تھا جب کہ لاہور قلندرز کو اپنے پچھلے میچ میں ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔