مودی کی یوم پاکستان پر مبارکباد اور خوشگوار تعلقات کی خواہش

0
107

نئی دہلی(پاکستان نیوز) انڈیا اور بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی گئی ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ انڈین اور بنگلہ دیشی وزرائے اعظم نے پاکستانی ہم منصب کو تہنیتی پیغامات بھیجے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے نام اپنے پیغام میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ ’یوم پاکستان کے موقع پر میں نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘ انڈین حکومت کی جانب سے آنے والے خط میں وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک پڑوسی ملک ہونے کے ناطے انڈیا چاہتا ہے کہ اس کے پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں اور اس کے لیے لازمی ہے کہ دہشت اور دشمنی سے خالی اعتماد پر مبنی ماحول ہو۔‘خط میں کورونا کی صورت حال کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے اور لکھا ہے کہ ’یہ انسانیت کے لیے ایک مشکل وقت ہے، میں پاکستان کے عوام کے لیے نیک جذبات اور خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط میں یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’میں حکومت اور بنگلہ دیش کے عوام کی جانب سے یوم پاکستان پر پاکستان کے عوام کو مبارک باد پیش کرتی ہوں۔‘خیال رہے کہ سنیچر کو انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔وزیراعظم عمران خان کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر سامنے آنے کے بعد نریندر مودی نے ٹوئٹر پر لکھا ’وزیر اعظم عمران خان کی کورونا وائرس سے جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات۔‘

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here