کرکٹ ورلڈکپ میں بھارت نے آسٹریلیا کو شکست دیدی

0
351

اوول:

کرکٹ ورلڈکپ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے 353 رنز کے جواب میں آسٹریلوی ٹیم 316 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کینگروز کی جانب سے کوئی بیٹسمین بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔

اوپننگ جوڑی نے محتاط انداز اپناتے ہوئے اننگز کو آگے بڑھایا تاہم 61 کے مجموعے پر کپتان ایرون فنچ 36 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر نے اسمتھ کے ساتھ مل کر 72 رنز کی شراکت داری قائم کی، جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور ڈیوڈ وارنر نے پریشر کی وجہ سے اپنے مزاج کے برخلاف بلے بازی کی اور وہ 84 گیندوں پر 56 رنز بنا کر چلتے بنے۔

 

تیسری وکٹ پر عثمان خواجہ اور اسمتھ نے 69 رنز جوڑے، عثمان خواجہ 42 اور  اسمتھ 69 رنز بنا کر پویلین لوٹے جب کہ میکسویل 28، اسٹونیس  صفر، کولٹرنائل 4، کومنس8، مچل اسٹارک 3 اور زمپا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے،ایلکس کیرے 55 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب کمار اور بمرا نے 3،3 جب کہ چاہال نے 2وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل  بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بھارت کی جانب سے شیکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز نے ٹیم کو 127 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، روہت 57 رنز بناکر کولٹر نائل کا شکار بنے۔

شیکھر دھون نے کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ ملکر 93 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی سنچری بھی مکمل کی، ان کی 117 رنز کی اننگز میں 16 چوکے شامل تھے، ہارڈک پانڈیا نے 27 گیندوں پر 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے جب کہ ایم ایس دھونی نے 14 گیندوں پر 27 رنز کی جارحانہ بیٹنگ کی۔

ویرات کوہلی نے بھی 82 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹونس نے 2 جب کہ پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، اور کولٹر نائل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here