نئی دہلی:
بھارت میں اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا جب کہ 88 سالہ سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کو کورونا میں مبتلا ہونے پر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی بھی کورونا کا شکار ہوگئے جس پر انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے جب کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
دونوں کانگریس رہنماؤں من موہن سنگھ اور راہول گاندھی نے حال ہی میں پارٹی میٹنگ میں شرکت کی تھی اور تین ریاستوں میں جاری انتخابی مہم میں بھی شریک رہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر راہول گاندھی نے کووڈ ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔
کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی ان دنوں کیرالہ، آسام اور مغربی بنگال میں جاری الیکشن میں کافی متحرک تھے اور ان ریاستوں میں انتخابی جلسوں، ریلیوں میں بھرپور شرکت کی تھی۔
واضح رہے کہ بھارت کی تین ریاستوں میں الیکشن اور کمبھ میلے میں لاکھوں افراد بغیر احتیاطی تدابیر کے حصہ لے رہے ہیں جس کے باعث یومیہ کورونا کیسز کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔