اسلام آباد (پاکستان نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے 27ویں شب کو مسجد الاقصیٰ میں فلسطینیوں پر جو ظلم کیا میں نے اس کی مذمت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر ترکی اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے بات کریں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے میں نے خود اسلاموفوبیا پر بات کی اور سب کو مل کر مقابلہ کرنا چاہئے کیونکہ ایک ملک کچھ نہیں کرسکتا اور اسی کے لیے ہم کوشش کر رہے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال ہونے تک بھارت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ہمراہ عوام کے ٹیلی فون پر پوچھے گئے سوالات کا براہ راست جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک نے بھارت کو چین کیخلاف معاشی محاذ پر تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے کشمیر میں مظالم پر خاموش رہتے ہیں۔