کراچی:
سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں نے جہاں ملکی سیاست پر اثر ڈالا ہے وہیں شوبز فنکار بھی اس صوتحال میں اپنے خیالات کا اظہار کرنے سے خود کو روک نہیں سکے۔
پاکستان میں پچھلے کئی روز بہت اہم رہے ہیں بانی ایم کیوایم الطاف حسین، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی گرفتاری نے ملکی سیاست میں بھونچال پیدا کردیا ہے۔ ملک میں جہاں لوگ ان گرفتاریوں پر اپنے خیالات کا اظہار کررہے ہیں وہیں شوبز فنکار بھی سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں پر آمنے سامنے آگئے ہیں۔ کوئی ان گرفتاریوں پر خوشی کا اظہار کررہا ہے تو کوئی وزیراعظم سے درخواست کرتا نظر آرہا ہے کہ پاکستان کے اصل مسائل ان رہنماؤں کی گرفتاریاں نہیں بلکہ معاشی مسائل ہیں۔
نامور پاکستانی اداکار ومیزبان حمزہ علی عباسی نے ان گرفتاریوں پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا مہنگائی تو ہردور میں دیکھی ہے، لیکن طاقتور امیر بدمعاشوں کو جیل جاتے ہوئے اور ان کی چیخیں نکلتے ہوئے پہلی بار دیکھا ہے ، الطاف، حمزہ اور زرداری کی جیل مبارک ہو۔
جہاں حمزہ علی عباسی نے ان گرفتاریوں پر خوشی کااظہار کیا ہے وہیں اداکار مرزا گوہر رشید نے وزیراعظم کی توجہ دیگر ملکی مسائل کی طرف دلاتے ہوئے لکھا ہے آصف زرداری گرفتار ہوگیا، نواز شریف نااہل اور شہباز شریف ٹرائل کا سامنا کرنے کے لیے پاکستان واپس آگئے آپ نے بہت اچھا کام کیا ، لیکن وزیراعظم صاحب کیا ہم اب اس نفرت اورمحبت سے آگے بڑھ کر ملک کی خراب معاشی صورتحال اور ہمارے ملک کے مستقبل کے حوالے سے سوچ سکتے ہیں۔
گوہر رشید نے مزید کہا کہ کرپشن کے بادشاہ جیل میں ہیں لیکن کیا ان کا جیل میں ہونا ہمارے لیے کوئی معنی رکھتا ہے؟ میں چاہتا ہوں ڈالر کی قدر نیچے آئے، تمام لوگوں کو برابری کی بنیاد پر روزگار حاصل ہو، میں اپنے ملک میں قانون کی بالادستی، منظم ٹریفک سسٹم، صاف پانی کی فراہمی اورپاکستان کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتاہوں۔ میں اپنے پولیس والوں کو واقعی پولیس والا دیکھنا چاہتاہوں۔
تاہم حمزہ علی عباسی نے گوہر رشید کے ان ٹوئٹس کے جواب میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا جولوگ کہہ رہے ہیں ان سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے ہمیں کیا فائدہ ہوگا تو میں ان کو بتانا چاہتاہوں ان کو سزا ملے گی، ان سے پیسہ واپس حاصل کیاجائے گا تو ملکی معاشی صورتحال بہتر ہوگی اور بعد میں اعلیٰ عہدوں پر آنے والے کرپشن کرنے سے گھبرائیں گے سمجھ آئی؟
پاکستان میں پچھلےکئی عرصے سے یہ ٹرینڈ چل پڑا ہے جہاں شوبز فنکار بھی ملکی معاملات میں کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں جو کہ پاکستان کے لیے بہت خوش آئند بات ہے۔