کراچی:
سونے کی قیمت میں 2700 روپے اضافے کے بعد فی تولہ سونا ملکی تاریخ کی بلند ترین 75 ہزار 900 روپے پر پہنچ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملکی تاریخ میں ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جمعے کے روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر 4 روپے کے اضافے کے ساتھ 157 روپے 50 پیسے کا ہوا تو انٹر مارکیٹ میں ڈالر 155 روپے 84 پیسے کی بلند ترین سطح پر بند ہوا، ڈالر کی بڑھتی قیمت کے بعد سونے کی قیمت نے بھی پروان بھرتے ہوئے ایک ہی دن میں 2700 روپے کی مسافت طے کی اور تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح 156 روپے پر جا پہنچا
جمعے کے روز کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 2700 اور 2315 روپے کا اضافہ ہوا، فی تولہ سونا ایک ہی دن میں 27 سو روپے مہنگا ہونے کے بعد ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 75 ہزار 900 روپے پر پہنچ گیا، جب کہ دس گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 315 روپے اضافے کے ساتھ 65 ہزار 72 روپے ہوگئی۔