نیویارک (پاکستان نیوز)تیزاب گردی کا شکار ہونے والے پاکستانی نژاد امریکی 22 سالہ نافیہ اکرام نے کہا ہے کہ وہ اب بھی جسمانی اور جذباتی اذیت سے دوچار ہیں ، مجھ پر تیزاب گردی کے واقعے کو تین ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب تک ملزموں کا سراغ نہیں لگایا جا سکا ہے ، اپنے انٹرویو کے دوران انھوں نے بتایا کہ میری آنکھ کی سرجری مکمل ہوگئی ہے لیکن اب بھی جسم میں پیچیدگیاں بہت زیادہ ہیں ، میں صرف لیکوئیڈ(مائع خوراک) ہی استعمال کر رہی ہوں کیونکہ کوئی بھی سخت چیز چبانے یا نگلنے سے قاصر ہوں ، انھوں نے بتایا کہ میرے لیے یہ بھی تکلیف دہ امر ہے کہ 20 ہزار ڈالر کی انعامی رقم کے باوجود ملزم کو اب تک حراست میں نہیں لیا جا سکا ہے جس پر میں نے ناسو کائونٹی ایگزیکٹو لورا کو خط لکھا اور اس کے جواب میں انھوں نے ملزم کی اطلاع دینے والے کے لیے انعامی رقم کو بڑھا کر 50ہزار ڈالر کر دیا ہے ، میں امید کرتی ہوں کہ پولیس بہت جلد ملزم کا سراغ لگا کر کیفر کردار تک پہنچائے گی تاکہ آئندہ کسی کو یہ دن دیکھنا نہ پڑے ۔