شرپسندوں کا پاکستانی نژاد مصنفہ ہد یٰ ایاز کا گھیرائو، دھمکیاں،پاکستان نیوز کی مذمت

0
485

نیویارک( پاکستان نیوز ) نیویارک کے علاقہ لانگ آئی لینڈ کے ایک سکول میں 17 سالہ پاکستانی نژاد امریکی مصنفہ ہدیٰ ایاز کو گریجویشن کی تقریب میں تقریر کرنے کے بعد شرپسندوں نے گھیرائو کرکے ہراساں کیا اور دھمکیاں دیں۔ علامہ اقبال کمیونٹی سنٹر کے عہدیداروں ملک ناصر اعوان، طاہر بھٹہ، چودھری جاوید اقبال چیچی، شیخ اشفاق ، ملک جمیل نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ان شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے جہنوں نے مستقبل کی معمار معصوم مصنفہ کو ہراساں کیا۔ ہدیٰ ایاز نے اپنی تقریر کے دوران طلبہ سے کہا تھا کہ وہ عالمی مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کریں، فلسطینیوں کی نسل کشی کی وجہ سے کئی خاندان بکھر رہے اور انسانی زندگیاں کھوئی جا رہی ہیں، بدقسمتی سے بڑی طاقتیں سب کچھ دیکھتے ہوئے ان واقعات کو نظرانداز کر رہی ہیں۔ ہدیٰ ایاز جب تقریر کرنے کے بعد باہر نکلیں تو کچھ لوگوں نے انکا گھیرائو کر کے انکی تقریر کو اسرائیل اور یہودیوں پر حملہ قرار دیا اور انہیں ہراساں کیا۔ ہدیٰ ایاز نے بتایا کہ کچھ شرپسند عناصر نے انکے ساتھ بدزبانی کی اور انہیں دھمکیاں دیں کہ وہ پاکستان واپس چلی جائیں۔ ہدیٰ ایاز کے والد ایاز صدیقی نے روزنامہ 92 نیوز کو بتایا کہ انکی بیٹی شرپسندوں کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہو کر بیمار پڑ گئی او ر اسے ہسپتال داخل کرانا پڑا۔ہدیٰ ایاز غیر معمولی صلاحیتوں کی مالک ہے جب وہ دس سال کی تھی تو اس نے اپنی پہلی کتاب فریز لینڈ اے نیو بیگنیگ لکھ کر سب سے کم عمر مصنفہ کا اعزاز حاصل کر کے امریکہ بھر میں دھوم مچا دی تھی، اب وہ چار کتابوں کی مصنفہ ہیں۔پاکستان نیوز کی جانب سے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ، مصنفہ کے والد نے پاکستا ن نیوز سے گفتگو کے دوران بتایا کہ میری بیٹی کے ساتھ اس طرح تضحیک آمیز رویہ ناقابل برداشت ہے جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی فی الحال کوئی کارروائی نہیں کی ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here