پشاور(پاکستان نیوز) علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ میں آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، آپریشن کا فائدہ نہیں نقصان ہی ہونا ہے، سب کو بیٹھنا ہوگا قرار داد پاس کرنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے سما نیوز کے پروگرام میں گزشتہ روز ہونے والے قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے اہم گفتگو کی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، کیونکہ آپریشن کا فائدہ نہیں نقصان ہی ہونا ہے، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تو چل ہی رہے ہیں، سب کو بیٹھنا ہوگا قرار داد پاس کرنے سے کچھ نہیں ہوتا، ہماری افغانستان کے ساتھ بات چیت ضروری ہے، اسٹیبلشمنٹ افغانستان میں جرگہ بھیجنے کے حوالے سے آن بورڈ ہے، عوام کا اعتماد غلط پالیسیوں کی وجہ سے اٹھا اب بھی نظر ثانی کرنا ہوگی، جب تک بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں سیاسی استحکام نہیں آسکتا، آگے بڑھنے کیلئے بانی کو رہا کرنا چاہیئے۔