شدید گرمی نے ایک شخص کی جان لے لی، کئی افراد اسپتال میں داخل

0
256

کراچی:

شہر میں ہیٹ ویوو نے اپنا اثر دکھانا شروع کردیا اور سول اسپتال کراچی میں ہیٹ ویوو سے متاثرہ ایک مریض دم توڑ گیا۔

شہر کے مختلف علاقوں کے اسپتالوں میں شدید گرمی سے متاثرہ کئی افراد لائے گئے ،شہر کی سڑکوں پر دن کے اوقات میں سناٹا رہنے لگا۔

رات گئے تک حبس اور حدت کے باعث سول اسپتال ایم ایس ڈاکٹر خادم قریشی کے مطابق سول اسپتال میں ہیٹ اسٹروک وارڈ میں ہیٹ ویوو سے متاثرہ 4 مریض لائے گئے، جن میں سے تین مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دے کر 4 سے پانچ گھنٹے میں روانہ کردیا گیا جبکہ ہیٹ ویوو کے باعث لایا گیا ایک مریض جس کی شناخت نہ ہوسکی علاج ہونے سے قبل ہی دم توڑ گیا جس کے بعد میت کو ایدھی کے حوالے کردیا گیا۔

 

شہریوں میں ہیٹ ویو کے دوران احتیاطی تدابیر کی آگہی کے باعث گزشتہ سالوں میں آنے والی ہیٹ ویو کی لہر کی طرح جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

ہفتے کو تیسرے روز بھی شہر میں ہیٹ ویو کی وجہ سے گرمی کی شدت برقرار رہی ، دن کے بیشتر وقت لو کے شدید تھپیڑے چلے، پارہ 40ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ، غیر معمولی گرمی کی وجہ ہیٹ انڈیکس کچھ دورانیے کے لیے 56ڈگری تک جاپہنچا ، آج (اتوار)کی دوپہر سمندرکی 72گھنٹوں سے بند سمندری ہوائیں جذوی طورپر بحال ہونے کا امکان ہے۔

پیر سے شہر کا درجہ حرارت متوازن ہونے کی توقع ہے،گرمی کی وجہ بننے والا سمندری طوفان وائیو کافی حدتک کمزورپڑچکا ہے،ہفتے کو ہیٹ ویو کی وجہ سے شہر کا پارہ تیسرے روز بھی حسب معمول بلند رہا،جس کے اثرات کی وجہ سے دن کے وقت شدید گرمی رہی اور غیر معمولی حدت جبکہ لو کے تھپیڑے چلے،درجہ حرارت اورہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب معمولات زندگی کافی متاثر دکھائی دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہرکے وقت شہر کا پارہ 40ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوامیں نمی کا تناسب 54فیصد رہا جس کی وجہ سے ہیٹ انڈیکس کچھ وقت کیلیے 56سینٹی گریڈ محسوس کیا گیا سمندری ہوائیں طویل وقت کے لیے بند ہونے کی وجہ سے شہر میں رات اور صبح کے وقت بھی شدید قسم کی حدت اور گھٹن برقرار ہے،سمندر کی جنوب مغربی سمت سے چلنے والی ہواوں کی بندش کو72گھنٹے سے زائد گذرچکے ہیں۔

چیف میٹرولوجسٹ محکمہ موسمیات سردارسرفراز کے مطابق آج(اتوار)کی دوپہر سمندری ہوائیں جذوی طورپر بحال ہونے کا امکان ہے، اس بات کا امکان موجود ہے کہ (کل)پیرسے سمندری ہوائیں صبح سے مکمل طورپر بحال ہوجائیں،سردارسرفراز کے مطابق 18جون سے شہر میں صبح اور شام کے وقت موسم کو کافی امید افزادیکھ رہے ہیں،جس کے دوران مطلع جذوی ابرآلوررہ سکتا ہے۔

گرمی کی موجودہ لہر کا سبب بننے والے بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان وائیو کے حوالے سے محکمہ موسمیات کے ٹروپیکل سائیکلون سینٹر نے ہفتے کوساتواں الرٹ جاری کیا،جس کے مطابق سمندری طوفان وائیو ہفتے کی صبح کراچی سے 475کلومیٹر کے فاصلے پر جنوب میں موجود تھا، سمندری طوفان سطح سمندر پر 130کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی لے کر چل رہا ہے،سمندری طوفان وائیو کی وجہ سے ٹھٹھ میں ہنوز بارشوں اور گردآلود ہواوں جبکہ آندھی کا امکان موجود ہے۔

ٹروپیکل سائیلون کے حوالے سے جاری ایڈوائزری کے مطابق اگلے18سے24گھنٹوں کے دوران سمندری طوفان وائیو اپنا رخ شمال مشرق کی جانب موڑنے کے بعد مذید کمزور ہونا شروع ہوجائے گا،جس کے دوران یہ امکان موجود ہے کہ طوفان سے ڈپریشن یا لو پریشر میں تبدیل ہونے کے بعد طوفان سمندری میں ختم ہوجائے یا پھر اگر گجرات کی جانب بھی جائے گاتواس کی شدت انتہائی کم ہوگی۔

ہفتے کو جاری کردہ ایڈوائزری میں سمندری لہریں بلند ہونے وجہ سے مچھیروں کو کھلے سمندرمیں مچھلی کے شکارپر جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے،محکمہ موسمیات کے ہیٹ ویو سینٹر کی جانب سے جاری پیش گوئی کے مطابق آج(اتوار)کو درجہ حرارت 37سے 39ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here