نیویارک (پاکستان نیوز)کرونا وائرس کی بھارتی قسم کے کیسز میں اضافے کی وجہ سے ایک مرتبہ ملک میں بے روزگاری الائونس کے لیے اپلائی کرنے والے بے روزگار افراد کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ، لیبر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق رواں ہفتے بے روزگار افراد کی تعداد میں کمی کی بجائے 16 ہزار کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، گزشتہ ہفتے بے روزگار افراد کی تعداد 3 لاکھ 35 ہزار تھی جو اب بڑھ کر 3 لاکھ 51 ہزار تک پہنچ گئی ہے ، اعدادو شمار کے برعکس اکنامسٹ سروے ڈو جونز نے بے روزگار افراد کی تعداد میں کمی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے تعداد 3 لاکھ 20 ہزار تک پہنچنے کی پیشگوئی کی تھی ۔ سینئر اکانومسٹ مارک ہیمرک نے بتایا کہ بے روزگار افراد کی تعداد میں زیادہ تر اضافہ کیلیفورنیا اور ورجینیا کی ریاستوں میں ہوا ہے جہاں تعداد 37 ہزار تک ریکارڈ کی گئی ہے ۔ کیلیفورنیا میں بے روزگار افراد کی تعداد 24 ہزار 221 ریکارڈ کی گئی جبکہ ورجینیا میں بے روزگار افراد کی تعداد 12 ہزار 879 رہی ۔