دبئی (پاکستان نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دو میچز میں پاکستانی ٹیم نے روایتی حریف بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کر دیا ہے ، پاکستانی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں پانچ وکٹوں سے فتح سمیتی۔ پہلے میچ میں قومی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا اور بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 151رنز بنا سکی ، ویرات کوہلی 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ، شاہین شاہ نے 3، حسن علی 2 ، شاداب کان اور حارث رائوف نے 1-1 وکٹ حاصل کی ، پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان حاصل کر لیا ، محمد رضوان نے 55 گیندوں پر 3چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 79رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے 52 گیندوں پر 68 سکور کیے جس میں 6 چوکے اور 2چھکے شامل تھے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے،ڈیرل مچل اور ڈیون نے 27-27 سکور کیے ، کین ولیم سن نے 25 سکور کیے ، حارث رائوف نے تباہ کن بائولنگ کرتے ہوئے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، محمد حفیظ ، شاہین شاہ آفریدی اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ، پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر 18.4 اوورز میں حاصل کر لیا ، اوپننگ بلے باز محمد رضوان نے 33سکور کیے جبکہ شعیب ملک نے 26 اور آصف علی نے 27رنز بنائے ۔ مچل سینٹر ، ٹم سائوتھی ، ٹرینٹ بولٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ سائوتھی نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔