اسلام آباد(پاکستان نیوز) مشکل معاشی حالات اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے ملک کی بھرپور مدد، رواں مالی سال کے 6 ماہ کے دوران ترسیلات زر کا حجم تقریبا 16 ارب ڈالرز کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے دسمبر میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات سے متعلق اعداد و شمار جاری کردئیے، جس کے مطابق دسمبر 2021 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2 عشاریہ 52 ارب ڈالرز وطن بھیجے ہیں۔ مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2021 کے ترسیلات نومبر 2021 کے مقابلے میں تقریبا 3فیصد زائد رہیں۔ بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں موصول ہونے والی ترسیلات 15 ارب 80 کروڑ ڈالر رہیں۔ یعنی رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے ترسیلات زر گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 11 فیصد زائد ریکارڈ کی گئی ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی 6 ماہ میں سب سے زیادہ سعودی عرب سے ترسیلات موصول ہوئیں۔ سعودی عرب میں مقیم محنت کش پاکستانیوں نے 6 ماہ کے دوران 4 ارب ڈالرز کی رقوم وطن بھیجیں۔ اس کے بعد جولائی تا دسمبر 2021 کے عرصے کے دوران عرب امارات سے 3 ارب ڈالرز اور برطانیہ سے 2 ارب 14 کروڑ ڈالرز موصول ہوئے۔ یہاں واضح رہے کہ وفاقی حکومت رواں مالی سال کے اختتام پر ریکارڈ 32 ارب ڈالرز سے زائد ترسیلات کی توقع ظاہر کر رہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق سال 2021 کے دوران پاکستان کو بیرون ممالک سے 31 ارب ڈالرز سے زائد کی ترسیلات موصول ہوئیں۔