نیویارک (پاکستان نیوز)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکومت اور بلاول بھٹو کے ساتھ مل کر کام کرنے پر خوشی ہے، بلاول سے فوڈ سیکیورٹی کے مسئلے پر بات ہوگی۔امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ان خیالات کا اظہار پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران کیا، انٹونی بلنکن نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی اہم چیلنج ہے جسے پوری دنیا کو سامنا ہے، یوکرین پر روس کے حملے کے بعد فوڈ سیکیورٹی کا مسئلہ شدید ہوچکا ہے، اس سے مزید 40 ملین لوگ فوڈ سیکیورٹی کے مسائل کا شکار ہوئے۔امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہم اکٹھے ہورہے ہیں، اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی کوششوں میں پاکستان کی شمولیت پر شکر گزار ہیں، دو طرفہ معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور علاقائی سیکیورٹی پر توجہ مرکوز ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت پر بہت خوشی ہے، پاکستان جیسے ممالک کو امن و امان، محفوظ توانائی اور آبی تحفظ کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے لے کر پڑوسی ممالک میں موجود ایشوز تک کئی مسائل کا سامنا ہے، پاکستان اور امریکا کے درمیان روابط بڑھانے کے مواقع کا بھی منتظر ہوں، پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی تعلقات بہتر کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی اور پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے مواقع پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔دریں اثناء پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکہ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی ، یہ ملاقات اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز نیو یارک میں ہوئی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو کے ہمراہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم، امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان، نائب مستقل مندوب عامر خان بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی اقوا م متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس سے ملاقات میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔