اسلام آباد (پاکستان نیوز) سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور اْس وقت کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے درمیان گفتگو کی مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں دونوں کو امریکی سائفر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔بدھ کو سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی مبینہ آڈیو میں عمران خان کہتے ہیں ‘اچھا ہم نے اب صرف کھیلنا ہے (سائفر کے حوالے سے) نام نہیں لینا امریکہ کا، بس صرف کھیلنا ہے اس پر کہ یہ گیم پہلے سے تھی۔اس پر اعظم خان کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ‘میں سوچ رہا تھا کہ سائفر پر ایک میٹنگ کر لیتے ہیں۔’وہ مزید کہتے ہیں کہ ‘ایک میٹنگ کریں، شاہ محمود قریشی اور فارن سیکریٹری کی۔ شاہ محمود قریشی یہ کریں گے کہ وہ لیٹر پڑھ کر سنائیں تو جو بھی پڑھ کر سنائیں گے تو اس کو کاپی میں بدل دیں گے۔ وہ منٹس میں (شامل) کر دوں گا کہ فارن سیکریٹری نے یہ چیز بنا دی ہے پھر اینالسز (تجزیہ) اپنی مرضی کے منٹس میں کر دیں گے تاکہ منٹس آفس کے ریکارڈ میں ہوں۔اعظم خان کے مطابق اینالسز (تجزیہ) یہ ہو گا کہ یہ ایک تھریٹ ہے۔ ڈپلومیٹک لینگویج میں اس کو تھریٹ کہتے ہیں۔ دیکھیں منٹس تو پھر میرے ہاتھ میں ہیں نا، ہم منٹس ڈرافٹ کر لیں گے۔اس کے بعد عمران خان پوچھتے ہیں کہ ‘کس کس کو بلائیں، شاہ محمود، میں آپ اور سہیل۔ اس کے جواب میں اعظم خان کہتے ہیں بس۔اس پر عمران خان کی طرف سے کہا جاتا ہے کہ ‘ٹھیک ہے، کل ہی کرتے ہیں۔مبینہ آڈیو کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ اب یہ ثابت ہو گیا کہ سازش کوئی اور نہیں خود عمران خان پاکستان کے خلاف کر رہے تھے۔پرویز رشید نے ٹویٹ کیا کہ انہوں نے پاکستانیوں کو گمراہ کر کے قومی سلامتی پر ان کے اعتماد کو مجروح کیا۔ پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو برباد کیا۔ سفارتی غیرذمہ دار ملک کہلوایا۔