امریکی سُپر بال!!!

0
58
حیدر علی
حیدر علی

گذشتہ ہفتے جب کینساس سٹی چیفس کی فٹ بال ٹیم بینگلز سے سیمی فائنل میں ٹاکرا لے رہی تھی تو اُسکے کوارٹر بیک پیٹرک مُہومزکا ٹخنہ شدید زخمی تھا، وہ کرب و اذیت سے کراہ رہے تھے لیکن اُنہوں نے کھیلنے کو ترجیح دی، ٹیم میں اُن کی شرکت کا شاخسانہ تھا کہ کے سی کی ٹیم سُپر بال میں چمپئن شِپ کے مقابلے میں پہنچ گئی ، جس کا فائنل میچ 12 فروری بروز اتوار شام کے ساڑھے چھ بجے اسٹیٹ فارم اسٹیڈیم ، گلنڈیل ایریزونا میں منعقد ہوگا، لہٰذا آپ اپنا کام کاج چھوڑکر اپنے دوستوں کے ساتھ ٹی وی کے سامنے براجمان ہوجائیں گے لیکن ایک کھلاڑی کا ٹخنہ زخمی تھا تو دوسری ٹیم یعنی فلاڈیلفیا ایگلز کے کوارٹر بیک ییلن ہٹس کے بازو میں موچ آئی ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ بال پھینکنے میں شدید درد محسوس کر رہے تھے ، اور کوئی بعید نہیں کہ وہ سُپر بال بھی اِسی حالت میں کھیلیں گے۔ فٹ بال کھیل ہی کچھ اِسی طرح کا ہے جس میں ہر کھلاڑی میدان میں اُترتے ہی اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ دیتا ہے، چند سال قبل تک تو ہر اُس کھلاڑی کو بونس سے نوازا جاتا تھا جو مخالف ٹیم کے کسی کھلاڑی کو ضرب لگا کر زخمی کر دیتا تھا، یہ ایک قابل فخر بات ہوتی تھی جس پر کھلاڑیوں کی اکثریت لاکرز روم میں قہقہ لگایا کرتی تھی لیکن دوسری جانب اِس کھیل میں جو لچک جو کشش ہے وہ آنکھوں کو چمکادینے والی رقم کی ہے جو کھلاڑیوں کو اُن کی انتھک محنت ، اُن کی جان کی بازی لگانے کی عوض میں دی جاتی ہے،یہ معاوضہ ناقابل تصور ہوتا ہے جس کیلئے زخمی ہو کر بھی کھیلنا پڑتا ہے،اب آپ مثال لیجئے کینساس سٹی چیفس کے کوارٹر بیک پیٹرک مُہو مزکی جنہوں نے 10 سال کے 45 ملین ڈالر کے سالانہ کنٹریکٹ پر دستخط کئے ہیں، اُس کے علاوہ 10 ملین ڈالر اُنہوں نے صرف دستخط کرنے کی فیس لی ہے.اُن کی حریف ٹیم فلاڈیلفیا ایگلز کے کوارٹر بیک ییلن ہٹس بھی کسی سے زیادہ پیچھے نہیں ، وہ بھی اُن 8 خوش قسمت کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن کا سالانہ کنٹریکٹ 40 ملین ڈالر سے زائد کا ہے۔ 2023ء کا سُپر بال اِس لحاظ سے بہتر ہے کہ اِس میں بہت ساری تبدیلیاں آئی ہیںمثلا”دونوں حریف ٹیموں کے کوارٹر بیکس کا تعلق سیاہ فام نسل سے ہے اور ایک ٹیم کی اسسٹنٹ کوچ جو خاتون ہیں وہ بھی سیاہ فام امریکی ہیں،اِس سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ سیاہ فام امریکی ملک کے تمام شعبہ کو دیمک کے کیڑے کی طرح چاٹتے جارہے ہیںاور صرف کھیل کود میں ترقی کررہے ہیں جبکہ پڑھائی لکھائی میں اب تک پھسڈی رہ گئے ہیں۔ سال رواں میں کھلاڑیوں کی عمر کی بھی بہت زور شور سے بحث چھڑی ہوئی ہے، پاکستان میں شعیب ملک کی عمر جو 40 سال کے ہوگئے ہیں ایک بہت بڑا پرابلم بنا دیا گیا ہے ، لیکن امریکا میں ٹام بریڈی جن کی عمر 45 سال ہے آج بھی بطور کوارٹر بیک کھیلنے کیلئے پر تول رہے ہیں، پیٹرئٹس کے مالک رابرٹ کرافٹ نے عندیہ ظاہر کیا ہے کہ ازراہ مہربانی وہ ٹام بریڈی کو مزید ایک سال کیلئے اپنی ٹیم میں شامل کر سکتے ہیں، اب یہ ٹام بریڈی پر منحصر ہے کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔
سُپر بال لیگ کے چمپئن شپ کیلئے ہر سال کھیلا جاتا ہے، کینساس سٹی نے 2022 ء کے سیزن میں 14 گیمز جیتے ہیں جبکہ 3 کے مقابلے میں اُنہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، سُپر بال میں اُن کی حریف ٹیم فلاڈیلفیا ایگلز نے بھی 14 گیمز جیتا تھا اور 3 میں اُسے شکست ہوئی تھی، لہٰذا ماضی میں دونوں ٹیموں کے کھیلوں کا معیار تقریبا” برابر رہا ہے لیکن فٹ بال کے مبصرین یہ قیاس کر رہے ہیں کہ کینساس سٹی چیفس کی ٹیم 2 پوائنٹس سے ایگلز کو شکست دے رہی ہے ، حالانکہ چیفس کا مقابلہ بینگلز کے ساتھ انتہائی مایوس کُن رہا تھا ، اور وہ آخری 3 سیکنڈ میں فیلڈ گول کے ذریعہ جیتی تھی. اِن حالات میں مہومز کی زخمی ٹانگ کو بھی ذمہ دار ٹہرایا جاسکتا ہے، یہی وجہ ہے کہ کینسس سٹی چیفس کی ٹیم کو اِس مرتبہ انڈرڈاگ کے ٹائیٹل سے نواز دیا گیا ہے،ایگلز کی ٹیم نے سیمی فائینل میں جس بُری طرح سان فرانسسکو 49ers, کو 31-7سے شکست دی ہے اُس نے تمام شائقین فٹ بال کی توجہ کو اپنی جانب مبذول کرالی ہے. لہذا قطع نظر پوائنٹس کے ایک کثیر تعداد کے شائقین یہ قیاس کر رہے ہیں کہ فلاڈیلفیا ایگلز کی ٹیم سُپر بال کے کپ کو اِس مرتبہ دبوچ سکتی ہے۔
بہرکیف کھیل جیتنے کی پیش گوئی ایک جانب اور اِسے دیکھنے کیلئے ٹکٹوں کا خریدنا دوسری درد سری ہے، یہ کوئی کرکٹ یا سوکر کا ورلڈ کپ نہیں جس کے دیکھنے کیلئے آپ کو اپنی پاکٹ سے صرف 100/ ڈالر نکالنا پڑتا ہے، سُپر بال 57 کے ٹکٹ کی کم ازکم قیمت فی کس $4000 ڈالر ہے ، اور بلیک مارکیٹ میں اِس کی قیمت آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، گذشتہ کل کے ٹی وی کے خبروں کی یہ سرخی تھی کہ سُپر بال کے ٹکٹ کی قیمت 10 سے 14 ہزار ڈالر تک پہنچ چکی ہے، جوزف جو فیڈرل ایکسپریس میں ڈرائیور کی ملازمت کرتا ہے اپنے خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اِس رقم سے ایک پرانی مزدا
CX-5 خرید سکتا ہے اور باقی رقم سے وہ والٹ ڈزنی تفریح کیلئے چلا جائیگا لیکن یہ تو ہے امریکی سُپر فٹ بال کے دیکھنے کی قیمت ،لیکن اگر آپ اِسی سال بھارت میں ہونے والے کرکٹ کے ورلڈ کپ دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو آپ کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں . عام دنوں کے ٹکٹ کی قیمت وہاں صرف
25/ ڈالر ہوگی، جبکہ کسی اوردِن جب پاکستان اور بھارت کا میچ ہو رہا ہوگا ٹکٹ کی قیمت 100/ ڈالر تک پہنچ جائیگی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here