کراچی(پاکستان نیوز) ڈالر کی قیمت میں اضافہ عارضی ہے، ملک بوستان، روپیہ کی بحالی سے پٹرولیم قیمتوں میں کمی متوقع، ایکس چینج ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئر مین ملک بوستان نے کہا ہے کہ روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ عارضی ہے، جلد قیمت 250 روپے کی سطح پر آ جائیگی۔ سما ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایکس چینج ایسوسی ایشن آف پاکستان نے آئی ایم ایف سے مطلوبہ فنڈ کے اجرا سے ڈالر کی قدر مرحلہ وار 270 روپے اور پھر اس کے بعد 250 روپے کی سطح پر آنے کی پیش گوئی کردی۔ ملک بوستان نے کہا کہ پیر کو ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں اضافہ خالصتا عارضی نوعیت کا ہے، انٹربینک مارکیٹ میں طویل عرصے سے رکے ہوئے 6 ہزار درآمدی کنٹینرز کی ادائیگیوں اور درآمدات پر عائد غیر اعلانیہ پابندیاں ختم ہونے کے بعد نئی امپورٹ ایل سیز کھلنے سے ڈالر کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے اور مطلوبہ ڈیمانڈ پوری ہوتے ہی ڈالر دوبارہ بیک فٹ پر آجائے گا۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے انفلوز سے متعلق حکومتی پالیسوں کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریگولیٹر اور ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن نے سٹہ بازی پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سے ریمی ٹینسز میں کمی پر تشویش ہے، دنیا بھر میں 10 کروڑ ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت ہے، ملک میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے، اگر ہنرمندوں کو تیار کرکے انہیں بیرون ملک بھیجا جائے تو ملک میں ماہانہ ورکرز ریمی ٹینسز کی آمد کی مالیت 4 ارب ڈالر تک پہنچ سکتی ہے۔