راولا کوٹ:
لائن آف کنٹرول کے گوئی سیکٹر میں بھارتی فوج کی گولہ باری سے ایک خاتون شہری شہید ہوگئی۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے، بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے گوئی سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون جان بیگم شہید ہوگئی۔
بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے تتہ پانی سیکٹر پر بھی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج کی فائرنگ سے سہڑہ گاؤں کے رہائشی 60 سالہ سردار نسیم زخمی ہوگئے، بزرگ شہری کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کوٹلی منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ دوپہر ڈھائی بجے سے شروع ہوا، جب کہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی جارہی ہے۔