نیویارک (پاکستان نیوز) نیویارک کے علاقے جیفرسن ایونیو، برینٹ وڈ میں اتوار30جولائی کوقتل کا لرزہ خیز واقعہ رونما ہوا جب ایک پاکستانی شوہر نے اپنی جواںسال بیوی اور چھوٹی بچی کو تیز دھار آلے سے ذبحہ کرڈالا، واقعہ سے کمیونٹی شدید اضطراب میں مبتلا ہے ، تفصیلات کے مطابق جیفرسن ایونیو ، برینٹ وڈ میں زنور جعفری نامی 31سالہ پاکستانی امریکن نے اپنی 33سالہ اہلیہ مصباح بتول اور دوسالہ کم سن بیٹی آئزیئہ زنور کو چاقو کے وار کر کے قتل کردیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ چاقو کے حملے سے شدید زخمی ہونے والی 33 سالہ مصباح بتول اور 2 سالہ آئزیئہ زنور کو بے شور کے ساؤتھ شور یونیورسٹی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ماں اور کمسن بیٹی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں۔سفک کاؤنٹی پولیس کو واقعہ کی اطلاع ملی تو جائے وقوعہ پر پہنچ کر انہوں نے ملزم زنور جعفری کو حراست میں لے لیا اور اتوار کی رات تھرڈ پریسنٹ کی حوالات میں قید رکھااور سوموار 31جولائی کو آئی سلپ ڈسٹرکٹ کورٹ میں عدالت کے روبرو پیش کیا۔زنور جعفری پر سیکنڈ ڈگری قتل کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیاہے۔ بتایا گیا ہے کہ 31سالہ زنور پڑھا لکھا نوجوان ہے جو کہ اپنے والد اور بھائیوں کے ساتھ کچھ عرصہ قبل برائٹن بیچ، بروکلین سے لانگ آئی لینڈ منتقل ہوا۔ ملزم کی جانب سے گھر پر قتل کی اس واردات کے محرکات ابھی سامنے نہیں آئے۔ زنور جعفری کی فیملی کا تعلق پاکستان میں گجرات سے ہے۔پاکستانی امریکن کمیونٹی کو جب سفک کاؤنٹی میں پیش آنیوالے اس لرزہ خیر واقعہ کا علم ہوا تو کمیونٹی میں بظاہر گھریلو تشدد کے حوالے سے رونما ہونے والے اس واقعہ پر پریشانی اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔برینٹ ووڈ ٹائون سکول بورڈ کے ممبر راجہ حسن کی خصوصی کاوشوں سے سفوک پولیس کمشنر نے پاکستانی میڈیا سے پریس کانفرنس کی جس کے دوران پاکستان نیوز کے سوال پر پولیس کمشنر نے بتایا کہ موت بظاہر اوور ڈوس کا شاخسانہ لگتی ہے لیکن اس کے متعلق کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے ، راجہ حسن نے پاکستان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ پہلا واقعہ ہے کہ جس سے کمیونٹی بڑے اضطراب میںمبتلا ہے ، میں اس سلسلے میں پولیس کمشنر کا بڑا ممنون ہوں کہ انھوں نے پاکستانی میڈیا کیلئے خصوصی پریس کانفرنس کی، مقتولہ مصباح بتول اور کم سن بیٹی آئزئیہ زنور کے جسد خاکی منگل یکم اگست کو پاکستان روانہ کر دئیے گئے۔ مصباح بتول اور کم سن بیٹی آئزئیہ زنور کو چکوال میں سپرد خاک کیا جائیگا اور انکی نماز جنازہ بھی وہاں پر ہی ادا کی جائے گی۔لانگ آئی لینڈ (نیویارک ) کے میڈیکل ایگزامینر کی جانب سے مقتولین کے جسد خاکی ان کے لواحقین کے سپرد کئے گئے جس کے بعد انہیں پہلے بروکلین کے مقامی فیونرل ہوم میں پہنچایا گیا اور وہاں سے نیویارک کے جے ایف کے ائیرپورٹ سے بین الاقوامی پرواز کے ذریعے پاکستان روانہ کر دیا گیا۔