واشنگٹن(پاکستان نیوز) امریکی ایئرفورس کے سیکرٹری فرینک کینڈل نے تسلیم کیا ہے کہ ہم ابھی چین کے ساتھ جنگ کیلئے تیار نہیں ہمیں فضائیہ کیلئے مزید جدید طیاروں کی اشد ضرورت ہے۔ ہم روس یا چین کے ساتھ براہ راست جنگ کرنے کیلئے تیار نہیں اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکہ ناقابل تردید دفاعی برتری حاصل ہے اس وقت ہمارا فوکس فضائیہ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ فرینک کینڈل کا بیان منظر عام پر آنے کے بعد واشنگٹن کے حلقوں میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔ امریکی دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فرینک نے سچ بول کر حقائق بتا دیئے ہیں کیونکہ امریکی افواج کے پاس مناسب جنگی ساز و سامان ، ہوائی جہازوں، آبدوزوں اور تباہ کن آلات کی کمی ہے جب حالات ایسے ہوں تو امریکہ کبھی چین کی پیپلز لبریشن آرمی کو شکست نہیں دے سکتا۔ زیادہ تر امریکی فوجی اور انٹیلی جنس تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ امکان ہے کہ چین اگلی دہائی کے اندر تائیوان پر حملہ کرسکتا ہے۔ سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز کا کہنا ہے کہ چینی صدر زی پنگ نے پی ایل اے کو حکم دیا ہے کہ وہ 2030 تک تائیوان پر حملہ کرنے کے لئے تیار رہیں۔