جنیوا(پاکستان نیوز) اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ شام میں لڑائی میں اضافے کے باعث صرف ایک ہفتے کے دوران تقریبا 2 لاکھ 80ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں اور یہ تعداد بڑھ کر 15 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) میں ہنگامی رابطہ کاری کے سربراہ سمر عبدل جابر نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ شام میں 27 نومبر سے اب تک تقریبا 2 لاکھ 80 ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں ،اس میں وہ لوگ شامل نہیں ہیں جنہوں نے لبنان سے حالیہ کشیدگی کے دوران نقل مکانی کی۔ ڈبلیو ایف پی نے خبردار کیا کہ شام میں خانہ جنگی شروع ہونے کے 13سال بعد بڑے پیمانے پر تازہ نقل مکانی سالوں کے مصائب میں اضافہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایف پی اور دیگر انسانی ہمدردی کی ایجنسیاں جہاں بھی کمیونٹیز کو ان کی ضرورت ہے وہاں پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں اور وہ محفوظ راستوں کو محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ ہم امداد کو ان کمیونٹیز تک پہنچانے کے قابل ہو سکیں جنہیں اس کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مزید فنڈنگ کی فوری ضرورت پر زور دیا کہ انسان ی ہمدردی کے ادارے بنیادی طور پر نقل مکانی کے حوالے سے کسی بھی منظر نامے کے لیے تیار ہیں۔