لاہور(پاکستان نیوز) کینیڈا کی ”موٹر سائیکل گرل“ سیر کیلئے پاکستان پہنچ گئی،وہ ان سفری لمحات کو تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے محفوظ کر کے دنیا کے ساتھ اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کرتی ہیں تاکہ لوگوں کو ایک مختلف انداز میں زندگی دکھا سکیں۔ گیبریئل نے 16 برس کی عمر میں مختلف رضاکارانہ گروہوں کے ساتھ بیرونِ ملک سفر کیا اور پھر سیاحت انھیں ایسی بھائی کہ 19 برس کی عمر تک وہ جنوب مشرقی ایشیا میں اکیلے سفر کر چکی تھیں۔پاکستان آنے سے قبل گیبریئل کو پاکستان کے بارے میں کوئی اچھی خبریں سننے کو نہیں ملیں۔گیبریئل بتاتی ہیں کہ ان کے دوست انھیں کہا کرتے تھے کہ پاکستان بہت خطرناک ہے وہاں مت جانا۔پھر وہ پاکستان آئیں اور یہاں پچھلے پانچ مہینوں سے اکیلے سفر کر رہی ہیں۔انھوں نے بتایا کہ اب تک پاکستان میں لاہور سے لے کر گوادر تک میں نے بغیر کسی سکیورٹی اور کیمرہ کریو کے سفر کیا اور یہاں کے لوگ محبت کرنے والے اور ملنسار ہیں۔ انھوں نے پاکستانیوں کو انتہائی مہمان نواز، خوبصورت اور نرم دل‘ پایا۔گیبریئل سے اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ ایک خاتون ہو کر اکیلے پورے پاکستان کا سفر کرنا کیسا رہا اور کیا یہ خطرناک ہے۔وہ جواباً کہتی ہیں کہ میں جہاں بھی گئی میرے ارد گرد مرد تھے اور وہ مجھے موٹر سائیکل پر دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔اس وقت گیبریئل اپنے سفر کے دوسرے حصے کا آغاز کر رہی ہیں جس میں وہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیر کو نکلیں گی۔