اسلام آباد:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے متحدہ عرب امارات سے اقامہ رکھنے والے پاکستانیوں کے کوائف مانگ لیے۔
ایکسپریس کے مطابق حکومت پاکستان کو مختلف ممالک سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد اوورسیز پاکستانیوں کے اثاثوں اور ٹرانزیکشنز کا ڈیٹا ملاہے۔ ایف بی آر نے دبئی رجسٹری کو لیٹر لکھا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے اب تک مہیا کی گئی معلومات ناکافی اور ٹھوس نہیں ہیں اس لیے مزید معلومات فراہم کی جائیں جس میں ان تمام اقامہ ہولڈرز کے کوائف دیے جائیں جنہوں نے یو اے ای کا اقامہ حاصل کیا ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے ایمنسٹی اسکیم میں غیر قانونی اثاثے ظاہر کرنے والے بعض لوگوں کی جانب سے چھپائے جانے والے اثاثے اور متعدد بینک اکاؤنٹس بھی منجمد کردیے گئے ہیں اور بے نامی داروں کے خلاف ایڈجوڈیکیٹنگ اتھارٹی کو ریفرنس بھجوائے جارہے ہیں۔