واشنگٹن (پاکستان نیوز) صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن کے بعد شکاگو میں بھی فوج تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ اس کو مزید ریاستوں تک فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو درجنوں قانون نافذ کرنے والے ایجنٹوں اور نیشنل گارڈ کے اراکین سے کہاکہ ہم اسے محفوظ بنانے جا رہے ہیں، اور پھر ہم دوسری جگہوں پر جانے والے ہیں، لیکن ہم یہاں تھوڑی دیر کے لیے قیام کرنے جا رہے ہیں، اس ماہ کے شروع میں، ٹرمپ نے وفاقی حکومت کو ڈی سی کے محکمہ پولیس کا کنٹرول سنبھالنے اور نیشنل گارڈ کے دستے تعینات کرنے کا حکم دیا، ایک وسیع وفاقی کوشش جس نے شہر کے بہت سے باشندوں کو ناراض کیا ہے۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے میری لینڈ کے گورنر ویس مور کے ساتھ تنازعے کے بعد بالٹی مورشہر میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی بڑھانے کی دھمکی دے دی۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پربیان میں کہا کہ ویس مور کا جرائم کے حوالے سے ریکارڈ بہت خراب ہے،وہاں دیگر بلیو سٹیٹس کی طرح جرائم کے اعداد و شمار میں ہیر پھیر کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ویس مور کو مدد چاہیے (جیسے گیون نیوزم کو ایل اے میں ضرورت پڑی تھی) تو میں فوجی بھیج دوں گا جیسا کہ قریب ہی واشنگٹن ڈی سی میں کیا جا رہا ہے، اس طرح تیزی سے جرائم پر قابو پا لیں گے۔ٹرمپ کے یہ ریمارکس میری لینڈ کے گورنر کی اس حالیہ پیشکش کے جواب میں آئے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ٹرمپ میری لینڈ کی گلیوں میں چل کر عوامی تحفظ پر بات کر سکتے ہیں، ٹرمپ نے اس پیشکش کو ناگوار اور اشتعال انگیز لہجہ قرار دیا۔ویس مور نے سی بی ایس کو ایک انٹرویو میں کہاکہ میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے ساتھ شامل ہونے کی دعوت اس لیے دی کیونکہ وہ حقیقت سے لاعلمی میں خوش نظر آتے ہیں،وہ پرانے تصورات اور 1980 کی دہائی کے خوف پھیلانے والے ہتھکنڈوں پر یقین رکھتے ہیں۔ادھر، بالٹی مور پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 2025 میں شہر میں قتل کی وارداتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 22 فیصد کمی آئی ہے۔









