کراچی:
سندھ پولیس نے پہلی ہندو خاتون کو اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھرتی کر لیا۔
29 سالہ پشپا کماری ہندو برادری کے شیڈول کاسٹ طبقے کوہلی برادری سے تعلق رکھتی ہیں، انھوں نے ڈاؤ یونیورسٹی سے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں گریجویشن کیا اور بے نظیر ٹراما سینٹر میں آئی سی یو ٹیکنالوجسٹ فرائض انجام دیتی رہیں۔
ایکسپریس ٹریبیون سے بات کرتے ہونے ان کا کہناتھا کہ میڈیکل کے شعبے میں متعدد ہندو لڑکیاں کام کررہی ہیں میں کچھ منفرد کرنا چاہتی تھی اس لیے 2018 میں اے ایس آئی کی اسامی کیلیے درخواست دی اور جنوری 2019 میں پبلک سروس کمیشن کا امتحان دیا اور کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ہندو خواتین پولیس کانسٹیبل کے طورپر کام کررہی ہیں ، میں یہ سمجھتی تھی کہ اے ایس آئی کیلیے پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرلوں گی۔ مستقبل میں کرمنالوجی میں ماسٹرز کرناچاہتی ہوں۔
واضح رہے کہ پشپاکماری اس وقت اپنے شوہر نارائن داس کے ساتھ کراچی میں مقیم ہیں، نارائن داس بحریہ ٹاؤن میں سپروائزر ہیں۔