نوجوان کرکٹرز کو سرگرم رکھنے کیلیے پلان تیار

0
127

لاہور:

نوجوان کرکٹرز کو سرگرم رکھنے کیلیے پلان تیار کرلیا گیا۔

پی سی بی نے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے نوجوان کرکٹرز کو سرگرم رکھنے کا مربوط پلان تیار کرلیا،90 سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کی زیرنگرانی کلب کرکٹ کے ساتھ اسکول اورمختلف ایج گروپ کے ایونٹس کرائے جائیں گے، ہر سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے مقابلوں کا انعقاد کرے گی، ان سے نوجوان کرکٹرز کو اعلیٰ سطح کی کرکٹ میں آنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کے تحت سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کو متواتر اسکول کرکٹ کے مقابلوں کا انعقاد کرنا ہوگا، کلب اور سٹی ٹیموں کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام بھی ہوں گے، ہر کرکٹ ایسوسی ایشن کو سالانہ انٹر سٹی ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنا ہوگا جس کی6 فاتح ٹیمیں قومی چیمپئن شپ میں مدمقابل آئیں گی۔

 

علاوہ ازیں ہر ایسوسی ایشن ون ڈے اور 3 روزہ مقابلوں کیلیے اپنی انڈر 19 کرکٹ ٹیمیں تشکیل دے گی، سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے تعاون سے انڈر 13 اور انڈر 16 ٹیموں کے انتخاب کیلیے ٹرائلز کا انعقاد کرنا ہوگا، بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو 6 ہائی پرفارمنس سینٹرز میں تربیت دی جائے گی۔ پی سی بی پُرامید ہے کہ نئے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کے واضح روڈمیپ سے کرکٹرز کی کھیپ بڑھانے میں مدد ملے گی۔

چیئرمین احسان مانی نے کہاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو کرکٹ کی طرف راغب کرنا میرا ویژن ہے، نئے ڈومیسٹک اسٹرکچر کے تحت کیریئر آگے بڑھانے کیلیے مواقع پیدا کریں گے، قومی ون ڈے اور 3 روزہ انڈر 19 کرکٹ مقابلے یکم اکتوبر سے 21 نومبر تک جاری رہیں گے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here