کوکین کوئین پنکی کی گرفتاری اور اعلیٰ پولیس افسران سے تعلقات کے ہوشربا انکشافات

0
11

اسلام آباد (پاکستان نیوز)وفاقی حساس ادارے کی نشاندہی پر کراچی کے علاقے گارڈن سے گرفتار ہونیوالی اس خاتون کے قبضے سے بھاری مقدار میں کوکین اور کیمیکلز برآمد ہوئے ہیں۔ انمول عرف پنکی محض ایک عام منشیات فروش نہیں تھی بلکہ وہ کوکین کی تیاری کی ماہر سمجھی جاتی تھی جو نہ صرف کراچی بلکہ لاہور اور اسلام آباد کے پوش علاقوں میں بھی اپنا نیٹ ورک چلاتی تھی۔ تحقیقات کے مطابق وہ 300 گرام کوکین سے ایک کلو خالص کوکین تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی تھی اور اس کا تیار کردہ خاص برانڈ مارکیٹ میں 40 ہزار روپے فی گرام تک فروخت ہوتا تھا۔ اس نے کراچی میں سپلائی کے لیے باقاعدہ رائیڈرز رکھے ہوئے تھے جو گھروں تک منشیات پہنچاتے تھے۔

سب سے زیادہ حیران کن انکشاف اس کی ذاتی زندگی اور پولیس کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنکی نے لاہور میں ایک ایسے ڈی ایس پی سے شادی کر لی تھی جس نے اسے ایک چھاپے کے دوران گرفتار کیا تھا۔ اس سے قبل وہ ایک وکیل کی بیوی بھی رہ چکی تھی جس نے اسے اس کالے دھندے کے گر سکھائے تھے۔ انکشاف ہوا ہے کہ 5 سال پہلے پنجاب پولیس نے اسے گرفتار کیا تھا لیکن وہ 7 کروڑ روپے کی بھاری رشوت دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی تھی۔ قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے اس نے اپنی انگلیوں کے پوروں کو تیزاب سے جلا دیا تھا تاکہ بائیومیٹرک شناخت نہ ہو سکے۔ عدالت میں پیشی کے دوران اسے ملنے والا وی آئی پی پروٹوکول اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ اس کے اثر و رسوخ کی جڑیں نظام کے اندر کتنی گہری ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اس خاتون کی زبان کھلنے سے کئی بااثر افراد اور سیاسی شخصیات کے چہرے بے نقاب ہو سکتے ہیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here