تارکین وطن کی مفت قانونی مدد کیلئے وسیع پیمانے پر مہم کا آغاز

0
8

نیویارک (پاکستان نیوز)میئرز آفس آف امیگرنٹ افیئرز یعنی شعبہ امور تارکین وطن نے نیویارک کے باشندوں کو قانونی معاونت سے جوڑنے کیلئے ایک ماہ طویل تشہیری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اہم مہم کا بنیادی مقصد شہر میں رہنے والے تمام تارکین وطن کو ان کی اپنی مادری زبان میں مفت، محفوظ اور خفیہ قانونی مشورہ حاصل کرنے کی ہاٹ لائن سے آگاہ کرنا ہے۔ مالی سال 2026 کے لیے نیویارک سٹی کونسل کی جانب سے فراہم کردہ تین لاکھ ڈالر کے بجٹ سے چلائی جانیوالی یہ مہم 17 مختلف زبانوں میں معلومات فراہم کرے گی جن میں اردو، انگریزی، ہسپانوی، چینی، روسی، عربی، فرانسیسی، پلار، تبتی، تاگالوگ، نیپالی، کیچوا، سونینکے، پنجابی، ہیٹی کریول، وولووف اور من نان شامل ہیں۔ میئر زوہران ممدانی نے اس مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نیویارک سینکڑوں زبانیں بولنے والے لوگوں کا گھر ہے اور ہر ایک کا یہاں مساوی حق ہے۔ انہوں نے بیان کیا کہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر رہائشی کو قانونی تحفظ کی معلومات فراہم کرے چاہے ان کی قانونی حیثیت کچھ بھی ہو۔ شعبہ امور تارکین وطن کی کمشنر فائزہ این علی کا کہنا تھا کہ موجودہ چیلنجنگ دور میں یہ قدم تارکین وطن کے لیے انتہائی ضروری ہے اور اس مہم کے ذریعے ہم شہریوں تک ان کی اپنی زبان اور ان کے پسندیدہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے سچی اور قابل اعتماد معلومات پہنچا رہے ہیں۔یہ تشہیری مہم پرنٹ اخبارات، مقامی ریڈیو سٹیشنز اور سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز کے ذریعے چلاتے ہوئے تمام اضلاع میں پھیلائی جائے گی۔ اس کے علاوہ اگست کے پورے مہینے میں گلی محلوں میں کمیونٹی پوسٹرز بھی آویزاں کیے جائیں گے۔ کسی بھی قانونی حیثیت کے تارکین وطن اس مفت اور خفیہ ہاٹ لائن سے رابطہ کرنے کے لیے ٹول فری نمبر یا پھر 311 پر کال کر کے امیگریشن لیگل کہہ کر فوری معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ ہاٹ لائن ہفتے کے تمام کاری دنوں کے ساتھ ساتھ ہر مہینے کے آخری ہفتے کے دن بھی صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک دستیاب رہے گی تاکہ تمام شہری اس سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here