واشنگٹن:
امریکی ذرائع ابلاغ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کو شاندار خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرقی اور مغربی روایات سے واقف پاکستانی وزیر اعظم نے اپنے 45 منٹ کے فی البدیہہ خطاب میں ناموس رسالتؐ کا بہترین انداز میں دفاع کیا۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عمران خان اسلام کے بارے میں مغرب کے اذہان میں صدیوں پرانے تصور کو تبدیل کرنے میں کامیاب رہے۔انھوں نے اپنے خطاب میں کشمیر کا مقدمہ بھی بھرپور انداز میں پیش کیا۔
امریکی براڈکاسٹنگ کارپوریشن اور ایسوسی ایٹڈ پریس نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اسلام کے دفاع اور کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے ’’ڈیتھ وش‘‘،’’ مونٹی پائتھن‘‘ اور جاپان کے ’’کامی کازی‘‘ جیسی اصطلاحات استعمال کرکے مشرق و مغرب کے درمیان خلیج کومٹا دیا۔
تجزیے میں عمران خان کو پاکستان کا حیرت زدہ کر دینے والا وزیر اعظم قرار دیتے ہوئے ان کے لباس کو بھی زیر بحث لایا گیا ہے اورکہا گیا ہے کہ انھوں نے اپنے خطاب میں اسلامو فوبیا کے خطرات سے موثر انداز میں آگاہ کیا۔