نیو ساﺅتھ ویلز:
آسٹریلیا میں مبینہ سفاک ڈرائیور نے ایک ہی علاقے میں یکے بعد دیگرے 20 کینگروز کو جان بوجھ کر ٹکر مار کر ہلاک کردیا اور فرار ہوگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی ریاست ویلز کے جنوبی علاقے کے رہائشیوں کے لیے صبح نہایت ناخوشگوار ثابت ہوئی جب اُن کے گھر آگے لان میں مجموعی طور پر 20 مردہ کینگرو پائے گئے۔ جن میں دو کینگروز کے بچے بھی شامل ہیں جب کہ تین شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔
کینگروز آسٹریلیا کا قومی جانور ہے اور آسٹریلوی شہری اس جانور سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں، کینگروز کو اپنے سماج کا حصہ اور گھر کا رکن تصور کیا جاتا ہے اس لیے کینگروز کی نقل و حرکت پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 20 کینگروز کی ہلاکتوں پر پورے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ سفید Ute میں کچھ لوگ سوار تھے جنہوں نے اسپاٹ لائٹ کا استعمال کرتے ہوئے کینگروز کو پھنسایا اور پھر ٹکر مار کر بھاگ گئے۔ کینگروز اسپاٹ لائٹ پڑنے پر ٹھہر جاتے ہیں۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے شہریوں سے مدد کی درخواست کی ہے۔