سڈنی:
قومی کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ہمیشہ ہی ایشیائی ٹیموں کے لیے مشکل ثابت ہوتی ہیں۔
سڈنی میں قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی کنڈیشنز ہمیشہ ہی ایشیائی ٹیموں کے لیے مشکل ثابت ہوتی ہیں لیکن اس کے ساتھ یہ نوجوان کرکٹرز کے لیے اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا بہترین موقع بھی ہے، پاکستان کی پیس بیٹری میں نوجوان مگر پرجوش بولرز شامل ہیں، اچھی کرکٹ کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، یہاں کی پچز اور کنڈیشنز مختلف ہیں، ان سے مطابقت پیدا کرتے ہوئے مطلوبہ نتائج حاصل کریں گے۔
مصباح الحق نے کہا کہ پاکستانی قوم اور شائقین نوعمر محمد موسی کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں، امید ہے کہ وہ یہاں اپنی افادیت ثابت کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، وہ ہمارا سرپرائز پیکج ثابت ہوسکتے ہیں، ہمیں تینوں شعبوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، پاکستان کو ناقابل یقین ٹیم قرار دیئے جانے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ چیز ہمارے لئے پریشانی کا باعث ہے تو آسٹریلیا کے لیے بھی خطرے کی علامت ہوگی۔