سخت سیکیورٹی حصار میں روپوش ابوبکر بغدادی کی مخبری رشتہ دار نے کی

0
103

بغداد:

برسوں تک سپرپاور امریکا کو چکمہ دینے والا داعش کا سربراہ ابوبکر البغدادی بالآخر شکنجے میں آگیا اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مارا گیا اور اس اہم کامیابی کے پیچھے بغدادی کے گھرانے کا ایک بھیدی تھا۔

امریکی ایجنسیوں کو ابوبکر بغدادی کے ٹھکانے تک پہنچانے والا کوئی دشمن نہیں بلکہ سربراہ داعش کا ہم زلف اور قریبی ساتھی محمد علی ساجت تھا جو اپنی زندگی کو لاحق خطرات کے پیش نظر اب عراقی انٹیلی جنس کے ایک ان دیکھے سیف ہاؤس میں روپوش ہے۔

العربیہ کو انٹرویو میں داعش کے سربراہ کا ٹھکانہ پتہ نہ لگنے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابوبکر البغدادی کے لیے پیغام رسانی کرنے والے پیامبروں کو موت  کے گھاٹ اتار دیا جاتا تھا، دوسری وجہ اُن کا موبائل فون استعمال نہ کرنا اور صرف 5 قابل اعتبار افراد کے ساتھ سفر کرنا ہے۔

 

محمد علی ساجت کا مزید کہنا تھا کہ ابو بکر بغدادی تیزی سے اپنی رہائش گاہ تبدیل کرتے رہتے اور سفر کے دوران ہمیشہ بارودی مواد سے بھری جیکٹ پہنے رہتے تھے۔ وہ ہمیشہ 4 نہایت قابل اعتبار ساتھیوں کے ہمراہ سفر کرتے تھے۔ یہ سفر زیادہ تر عراق سے شام کے سرحدی علاقوں میں ہوتا اور جہاں قیام کرتے وہاں ایک گہری سرنگ تیار کرتے تھے۔

یہ خبر پڑھیں: امریکی صدر نے داعش سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کردی

داعش سربراہ کے خاندان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کے ہم زلف نے بتایا کہ ابوبکر بغدادی نے 4 شادیاں کی تھیں اور سفر کے دوران کسی نہ کسی بیوی کو اپنے ہمراہ رکھتے تھے، کئی بار عراقی خفیہ ایجنسی بغدادی کے قریب پہنچی لیکن وہ کسی چھلاوے کی طرح جل دیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ ابوبکر بغدادی نے اپنی سیکیورٹی کی ذمہ داری نہایت قابل اعتبار بھائی حازم کو سونپی تھی جس نے ابوبکر کے گرد سخت سیکیورٹی حصار کی تہیں بنا رکھی تھیں۔

محمد علی ساجت نے مزید کہا کہ خود ساختہ خلیفہ ابوبکر بغدادی کو اپنی حفاظت کے خصوصی انتظام پر بڑا زعم تھا اور میں چوں کہ خود ان کا ذاتی معاون رہا ہوں، اسی دوران ادلب سمیت 4 مقامات پر ان سے مل بھی چکا ہوں اور سیکیورٹی انتظامات اپنی آنکھوں سے دیکھ چکا ہوں اس لیے یہ میرے لیے ناقابل یقین ہے کہ ابوبکر کے سیکیورٹی حصار کو توڑ کر اسے ہلاک کیا جا چکا ہے۔

اپنی یادداشتوں کو جمع کرتے ہوئے محمد علی ساجت نے بتایا کہ ایک دفعہ ابو بکر بغدادی نے انھوں نے عراقی شہر الانبار کے صحراء میں 25 ملین ڈالر گم کردیئے تھے جو بعد میں ایک چرواہے کو ملی تھی تاہم محمد علی ساجت نے بغدادی کو رقوم ملنے کے ذرائع کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

محمد علی ساجت نے انکشاف کیا کہ داعش کی تنظیم کا شیرازہ مخالف قوتوں کے حملوں سے نہیں بلکہ صفوں میں موجود خیانت کاروں کی وجہ سے بکھرا اور یہی رویہ خلافت کے خاتمے کی وجہ بنا اور البغدادی بھی شوگر اور بلند فشار خون کے مرض میں مبتلا ہوگئے تھے۔

البغدادی کے ہم زلف نے العربیہ کو وہ بندوق بھی دکھائی جو وہ ایک 8 میٹر طویل سرنگ میں ابوبکر بغدادی کے ساتھ 9 دن قیام کے دوران ہر وقت اپنے ہمراہ رکھتے تھے۔ اُن دنوں کا احوال بتاتے ہوئے مزید کہا کہ آخری دنوں میں خودساختہ خلیفہ انتہائی خوف زدہ رہنے لگے تھے اور زیادہ تر کارروائیوں کے لیے داعش کے نائب حاجی عبداللہ پر زور دیا کرتے تھے۔

محمد علی ساجت کے بقول گزشتہ رمضان البغدادی نے رمضان المبارک میں روزے نہیں رکھے تھے اور اپنے حامیوں اور مصاحبین سے بھی روزے ترک کرنے کا کہہ رکھا تھا جس پر سب نے حکم بجالاتے ہوئے روزے نہیں رکھے تاہم محمد علی ساجت اس حکم کی وجہ سے آگاہ نہیں تھے۔

ابوبکر البغدادی کے ہم زلف نے سربراہ داعش کے قیام گاہ کی مخبری کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا مختصر جواب دیتے ہوئے کہا کہ نئی کمین گاہ کی اطلاع مجھے مضافات میں البغدادی کے ملنے والے خط کے ذریعے ملی اور پھر عراقی خفیہ اداروں کے ساتھ مل کر داعش کے سربراہ کی قیام گاہ کو تلاش کرلیا۔

واضح رہے کہ داعش کے امیر ابوبکر البغدادی کے ٹھکانے پر امریکی فورسز نے حملہ کیا تھا جس پر بغدادی نے تین بچوں کے ہمراہ ایک نہ ختم ہونے والی سرنگ میں خود کو دھماکے خیز مواد سے اُڑالیا تھا جب کہ اس کی دو بیویوں نے بھی خود کو اُڑالیا تھا اور اس کے 4 ساتھی مقابلہ کرتے ہوئے مارے گئے اور کئی نے ہتھیار ڈال دیئے تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here