برطانوی گروپ کا پاکستان کے شعبہ سیاحت میں 12 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

0
167

کراچی:

برطانوی گروپ انٹرنیشنل ہاسپٹلٹی انویسٹمنٹ نے پاکستان کے شعبہ سیاحت میں 11 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کراچی میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کردیا۔

انٹرنیشنل ہاسپٹلٹی انویسٹمنٹ گروپ کے سی ای او نورالآصف نے جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں “ہیپلی” برانڈ سے وکیشن سسٹم متعارف کراتے ہوئے فیملیز کی سیروتفریح کو فروغ دیا جائے گا کیونکہ پاکستان کے بہترین خاندانی نظام پر مغربی ثقافت کا سایہ بڑھتا جارہا ہے اس لیے ہمیں اپنے خاندانی نظام کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہوٹل انڈسٹری منقسم ہے، سیاحت کے بہترین مقامات پر گیسٹ ہاوسز موجود ہیں جو رات کے قیام کا آپشن بھی فراہم کرتے ہیں، گزشتہ 20 سال کے دوران بعض ہوٹلوں کی چین مرکزی شہروں سے سیاحتی مقامات تک وسعت کرچکی ہے، انٹرنیشنل ہاسپٹلٹی انویسٹمنٹ گروپ نے بھوربن میں ایک ہوٹل میں سرمایہ کاری کی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں شوگراں کے مقام پر سرمایہ کاری جائے گی۔

 

نور الآصف برطانوی سرمایہ کار گروپ نے پاکستان میں صرف سیاحوں کی رہائش کی سہولیات اور انفرا اسٹرکچر پر سرمایہ کاری کا پلان ترتیب دیا ہے اور رواں سال کے سیزن میں 4 ہزار فیملیز کو بہترین سہولیات کے ساتھ رہائش فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

سی ای او نے کہا کہ پاکستان کے شعبہ سیاحت کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ ملک میں قیام امن کے بعد حکومت کو چاہیے کہ وہ دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں کے ذریعے پاکستان سے متعلق منفی ٹریول ایڈوائزری کو ختم کروانے کے احکامات جاری کرے جس کے نتیجے میں غیرملکی سیاحوں کی پاکستان آمد بڑھ جائے گی۔

مستقبل کے منصوبوں سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ہاسپٹلٹی گروپ مختلف برانڈز کے ساتھ خود اپنے ہوٹل تعمیر کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here