وزیراعظم کا ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اسکالرشپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان

0
287

اسلام آباد:

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے انڈرگریجویٹ اسکالرشپ پروگرام کا آج آغاز کر رہا ہوں۔

انڈر گریجویٹ اسکالر شپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ احساس پروگرام معاشرے میں بڑی تبدیلی لے کرآئے گا، نوجوانوں کومواقع نہیں دیں گے تو ان کے پاس کیا راستہ رہ جائے گا، نوجوانوں کوروزگار اورترقی کے مواقع نہیں ملیں گےتو وہ جرائم کی طرف جاسکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ  نمل یونیورسٹی کے 90 فیصد گریجویٹس کو نکلتے ہی نوکریاں مل گئیں اور نمل یونیورسٹی میں 92 فیصد غریب گھرانوں کے بچے اسکالرشپس پرپڑھتے ہیں، غربت ختم کرنے کے لیے نوجوانوں کومواقع فراہم کرنا ہوں گے کیوں کہ غربت کم کرنے کا سب سے بہترین طریقہ غریب لوگوں کو اوپر آنے کا موقع دینا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں مختلف نظام تعلیم سے ناانصافی بڑھی، کوئی معاشرہ  بچوں کے ساتھ ایسا ظلم نہیں کرتا، دیگر ممالک میں بہترین تعلیم سرکاری اسکولوں میں ہے جب کہ دینی مدارس کے طلبہ کے لیے کسی نے کوشش نہیں کی، مدارس کے طلبہ کو ترقی کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج میں ضرورت مند نوجوانوں کے لیے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے انڈرگریجوایٹ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کروں گا جس کے تحت سالانہ 50 ہزار کی شرح سے 4 برس میں 2 لاکھ طلبہ کو وظائف دیے جائیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرے احساس پروگرام کی چھتری تلے انسانی سرمائے کی ترقی کے پیش نظر ان وظائف کا 50 فیصد طالبات کیلئے مختص ہے۔

 

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here