سڈتی:
ریاست نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کے جنگلات میں لگی آگ کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں جب کہ آگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
آسٹریلوی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی ہے جس کے باعث ہزاروں کی تعداد میں شہری گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں جب کہ اب تک 3 افراد آگ میں جھلس کر ہلاک ہوچکے ہیں، 120 سے زائد مقامات پر لگی آگ سے 9 لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبہ تباہ ہو چکا ہے اور 150 سے زائد گھر بھی جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے علاقے میں ہنگامی حالات کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالات پر قابو پانے کے لیے فوج کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے، آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ مورسن نے آگ میں جھلس کر ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ سخت موسم ہونے کے باعث سڈنی سمیت دوسرے کئی شہروں میں بھی آگ بھڑک سکتی ہے، انتظامیہ ہیلی کاپٹر اور فائر ورکرز کے زریعے آگ بجھانے کی کوشش کررہی ہے تاہم خراب موسم کے باعث آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔