اردن کا اسرائیل کو لیز پر دیے گئے علاقے واپس لینے کا اعلان

0
85

عمان:

اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ نے اسرائیل کو لیز پر دیے گئے علاقے واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔

اردن نے 25 برس قبل اسرائیل کو لیز پر دیے گئے اپنے دو علاقوں الغمر اور الباقورہ کو واپس اپنی مکمل عمل داری میں لینے کا اعلان کیا ہے۔ الغمر اور الباقورہ 70 سال سے اسرائیل کے پاس تھے جسے 1994 کے امن معاہدے کے تحت اسرائیل کو لیز پر دیا گیا تھا، یہ معاہدہ کسی عرب ملک کا اسرائیل سے پہلا معاہدہ تھا۔

شاہ عبد اللہ دوم نے نو منتخب کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں الغمر اور الباقورہ کی امن معاہدے کے تحت اسرائیل میں شمولیت کے خاتمے کا اعلان کرتا ہوں  اور اب ان علاقوں کے ایک ایک انچ پر اردن کی عملداری ہو گی۔

25 سال قبل اسرائیلی وزیر اعظم اسحاق رابین اور اردن کے شاہ حسین کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے تحت ان علاقوں کو 25 سال کی لیز پر اسرائیل کو دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا، امن معاہدے پر دستخط کے موقع پر اس وقت کے امریکی صدر بل کلنٹن بھی موجود تھے۔

معاہدے کے تحت لیز کی معیاد اب ختم ہو رہی ہے، معاہدے کے وقت فریقین کا گمان تھا کہ لیز ختم ہونے پر دوبارہ 25 سال کے لیے لیز میں توسیع کردی جائے گی تاہم شاہ عبداللہ دوم نے رواں برس کے اوائل  ہی میں لیز میں توسیع نہ کرنے کا عندیہ دے دیا تھا اور اب باقاعدہ اعلان کردیا گیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here