لاہور:
اداکار و میزبان اداکار احسن خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا خیر سگالی سفیر مقررکر دیا گیا۔بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے چائلڈپروٹیکشن بیورولاہورمیں مقامی این جی او کی معاونت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صوبائی وزیراطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال سمیت اداکاراحسن خان اور گلوکارعلی ظفرنے بھی شرکت کی جہاں مہمانوں نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔
تقریب میں احسن خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا تاہم اس حوالے سے احسن خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ ایسا لگا کہ بچوں کیلئے کوئی کام نہیں ہورہا،خواہش ہے کہ بچوں کیلئے بھی کوئی پروگرام منعقد ہوں اور اس ضمن میں بچوں کی رہنمائی کیلئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہیئے۔ کیوں کہ بچوں کے ساتھ بدسلوکی کو روکنا بہت ضروری ہے۔
دوسری جانب تقریب میں موجود علی ظفر نے بھی بچوں کے تحفظ کے حوالے سے کہا کہ ہر کام کو کرنے کیلئے خود پر یقین ہونا بہت ضروری ہے، بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کو روکنا بھی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بچوں کو حفاظت کی تلقین کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ والدین کے علاوہ کوئی شخص پاس آئے تو شور مچائیں۔