نیویارک (پاکستان نیوز) امریکہ میں مسلمانوں کی سب سے بڑی انسانی حقوق کی تنظیم کیئر نے نیویارک اٹارنی جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ ایری کاﺅنٹی میں لیکاوانا کے جون میں ہونے والے پرائمری انتخابات کے دوران مسلمانوں کے بیلٹ خالی نکلنے کے معاملے کی فوری تحقیقات کرائی جائے ۔ووٹنگ کے اختتام پر اس بات کا انکشاف ہوا کہ مسلمان ووٹروں کے 200سے زائد بیلٹس کو اعتراض لگا کر مسترد کر دیا گیا تھا ، حیران کن بات یہ ہے کہ مسلم ووٹرز کو ان کے بیلٹ پر لگنے والے اعتراض کے متعلق ہرگز نہیں بتایا گیا بلکہ اس بات کا انکشاف فریڈم آف انفارمیشن کی جانب سے ایری الیکشن بورڈ کو جمع کرائی گئی تحقیقاتی درخواست کے بعد ہوا ہے ، کیئر نیویارک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عفاف ناشر نے کہا ہے کہ سینکڑوں اہل ووٹرز کو اعتراض لگا کر نااہل کرنا جمہوری روایات کے عین خلاف ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، انھوں نے اٹارنی جنرل لیٹشیا جیمز سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمان ووٹروں کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کی فوری تحقیقات کرائیں ۔