اسلام آباد:
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے 26 نومبرکو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کیلیے تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے مکمل کر لیے ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے 26 نومبرکو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کیلیے تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے مکمل کر لیے ہیں، جس کے مطابق اپوزیشن کی 9 جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا گیا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدراور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اے پی سی کیلیے وفد تشکیل دے دیا ہے، پارٹی صدر کی ہدایت پر راجہ ظفر الحق کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کا وفد اے پی سی میں شرکت کریگا، وفد میں احسن اقبال، ایاز صادق، امیر مقام بھی شامل ہوں گے۔
اے پی سی 26 نومبرکی صبح 11 بجے ہوگی،ابھی تک اے پی سی کے انعقاد کے مقام کااعلان نہیں کیاجاسکا۔این این آئی اورآئی این پی کے مطابق مریم نوازنے اے پی سی میں شرکت سے انکار کر دیاہے،ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے بیرون ملک ہونے کی وجہ سے ن لیگ نے اعلی سطح کا وفد تشکیل دیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز جے یو مولانا فضل الرحمان نے 26 نومبر کو آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔اے پی سی دھرنے کے دوران پیدا شدہ صورتحال، حکومت سے مذاکرات اور حکومتی پیشکش کے بارے میں اعتماد میں لیاجائیگااور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیاجائیگا، ترجمان جے یو آئی(ف)کے مطابق مولانا نے بلاول ،احسن اقبال،محمود خان اچکزئی، پروفیسر ساجد میر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ، آل پارٹیز کانفرنس کے وقت اور جگہ کا تعین تاحال نہیں کیا جا سکا۔