سیول:
جنوبی کوریا کی پاپ گلوکارہ اور اداکارہ گوہارا نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دارالحکومت سیول میں گوہارا کی اپنے گھر سے لاش ملی۔ اس کی عمر 28 سال تھی۔ وہ ملک کے مشہور کے پاپ گروپ کارا کی سابق ممبر تھی جس میں وہ 2008 میں شامل ہوئی تھی۔
اس نے انسٹاگرام پر شب بخیر کے عنوان سے آخری پوسٹ شیئر کی جس میں فالوورز کو شب بخیر کہا گیا۔ کورین پولیس نے گوہارا کی موت کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق ممکن ہے گوہارا نے خودکشی کی ہو کیونکہ اس سے پہلے مئی میں بھی اس نے خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم وہ محفوظ رہی اور کافی روز تک اسپتال میں زیر علاج رہی۔
پچھلے ہفتے اس نے دوبارہ واپس اپنی شوبز کی سرگرمیاں بحال کی تھیں اور ایک سیریز میں کارکردگی پیش کی تھی۔ گوہارا نے خودکشی کی کوشش سے اپنے پرستاروں کو پہنچنے والے دکھ اور صدمے پر ان سے معافی بھی مانگی تھی۔
گزشتہ سال گوہارا نے اپنے سابق بوائے فرینڈ کے خلاف مقدمہ کردیا تھا جس نے اس کی نازیبا ویڈیو انٹرنیٹ پر شیئر کرنے کی دھمکی تھی۔ عدالت نے گوہارا کے بوائے فرینڈ کو اس پر تشدد کرنے اور بلیک میلنگ کے جرم میں قید کی معطل سزا بھی سنائی تھی۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا ان ممالک میں شامل ہے جہاں بہت زیادہ لوگ خودکشی کرتے ہیں۔